ریاض،بینظیر بھٹو شہید کی برسی،پی وائی او کی تقریب 

ریاض،بینظیر بھٹو شہید کی برسی، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی تقریب

ریاض(الیاس رحیم)محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تقریب

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنان اور عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی سیاسی و جمہوری خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران مقررین نے محترمہ بینظیر بھٹو کو جمہوریت کی علامت اور عوامی حقوق کی محافظ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا اور عام آدمی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئی۔

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن گلف کے صدر احتشام جاوید کوہلی اور صدر سعودی عرب اعجاز رحیم نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ محترمہ کے مشن کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رکھا جائے گا اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تقریب سے پیپلزپارٹی سعودی عرب کے جنرل سیکریٹری سردار رزاق، سردار نصیر، قریب اللہ خان، ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی، اور گلف کے نائب صدر مشتاق بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد، عوامی خدمات اور جمہوریت کے فروغ کے لیے ان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی، اور شرکاء نے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.