راولاکوٹ پولیس کی کامیاب کارروائی،قتل کامرکزی ملزم گرفتار
راولاکوٹ پولیس کی کامیاب کارروائی، مقتولہ کنول شبیر کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار
راولاکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)راولاکوٹ پولیس نے مقتولہ کنول شبیر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم نوید اصغر کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی پونچھ خرم اقبال کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی راولاکوٹ سردار طارق محمود کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو پولیس مقابلے کے بعد حراست میں لے لیا۔
ترجمان پولیس ضلع پونچھ راولاکوٹ کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، تاہم پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، لوڈ میگزین اور زندہ گولیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے قتل کیس میں نامزد تمام ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ تفتیش جاری ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر مقتولہ کے ورثاء اور عوام نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ایس ایس پی پونچھ اور ڈی ایس پی راولاکوٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دلوائی جائے گی۔ پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔