میرپور،سیاحت کے فروغ کیلئے بوٹنگ کلب کےقیام پراجلاس
میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز)کمشنر میرپورڈویژن چوہدری مختار حسین کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض،ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ادارہ ترقیات کلیم احمد جرال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسکیو 1122 سردار نجم الشہاب، پاؤ ندہ واٹر ریسکیو ٹریننگ سنٹر عبدالوحید علی، بوٹنگ کلب کے راجہ نصیب ٹھاکر، طاہر زیب اور محمد عمران سمیت مختلف سرکاری آفسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع میرپور میں بوٹنگ کلب کے قیام اور اس کی فعالیت کو بہتر بنانا تھا تاکہ علاقے کی خوبصورتی کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے اور منگلا جھیل کے خوبصورت نظاروں کی وجہ سے میرپورمیں سیاحت کو فروغ مل سکے۔اس سے علاقے کی معیشت میں بہتری آئے گی اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔
اجلاس میں بوٹنگ کلبوں کے لائسنس کے اجراء اور ان کے معیار کی بہتری کے حوالے سے تفصیلاً غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پارکس نے کمشنر چوہدری مختار حسین کو بریف کیا کہ تحت قواعد 14 / 15افراد کو وقتاً فوقتاً لائسنس جاری کیے ہوئے ہیں۔
البتہ اب 7/8 بوٹنگ کلب کام کر رہے ہیں۔ کمشنر چوہدری مختار حسین نے کہاکہ میرپور شہر کی خوبصورتی اور اس کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر اس علاقے میں اعلیٰ معیار کی کشتی رانی کی سہولت کا فراہم کیا جانا سیاحت کے نقطہ نظر سے بہت ضروری ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ بوٹنگ کلبوں کو مزید فعال بنانے کے لیے تمام لائسنس ہولڈرز کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ میرپور کو ایک عالمی سطح کا سیاحتی مقام بنایا جا سکے۔
کمشنر چوہدری مختار حسین نے مزید کہا کہ منگلا جھیل میں پیرا سیلنگ کی سہولت کی فراہمی کے لیے معیاری کام کرنے والے سرمایہ کاروں کو موقع فراہم کیا جائیگا تاکہ آزاد کشمیر کے اندر پیرا سیلنگ کے کھیل کوترویج دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پیرا سیلنگ کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنے والے سرمایہ کاروں کو بھی اجازت نامہ جاری کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں جامع حکمت عملی تیار ی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ منگلا جھیل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سیاحتی مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وادی نیلم کی طرح زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں آ سکیں۔
کمشنر چوہدری مختار حسین نے تمام معاون اداروں کو ہدایت کی کہ بوٹنگ کلب کے علاوہ پیرا سیلنگ، ہاٹ ائیر بیلون،پیرا گلائیڈنگ جیسے کھیل شروع کرنے پر بھی کام کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منگلا جھیل میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کے اجازت نہیں دی جائے گی۔