بھمبر،دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد

بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی درخواست پر بھمبر میں دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس پر 2 ارب 95 کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔

اس موقع پر صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین, صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر, موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور, وزراء کرام فیصل ممتاز راٹھور, چوہدری قاسم مجید, چوہدری اظہر صادق, میاں عبدالوحید, جاوید اقبال بڈھانوی, چوہدری اکبر ابراہیم, چوہدری محمد اخلاق, نثار انصر ابدالی, ظفر اقبال ملک, چوہدری محمد ارشد, چوہدری یاسر سلطان, کنونیئر اے پی ایچ سی غلام محمد صفی, اے پی ایچ سی کے زعماء اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں سے پاکستان کا لازوال رشتہ تاقیامت قائم رہے گا ، وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمدشہبازشریف کے آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور تمام معزز مہمانان کو بھمبر تشریف لانے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ایل او سی پر افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھمبر کے لیے دانش سکول سسٹم بڑا تحفہ ہے ،دانش سکول سسٹم مستحق لائق ذہین طلبا ء کے لیے نعمت ہے۔

تعمیر و ترقی،سستی بجلی سستا آٹافراہمی میں مدد پر وفاق کے مشکور ہیں،بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے ، پاکستانی و کشمیری یک جان دو قالب ہیں نریندر مودی سن لو،تمھاری تمام سازشیں ناکام ہونگی، وفاق اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت،حریت کانفرنس ایک پلیٹ فارم پر متحد اور پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند نہ ہوئے تو آزادکشمیر کا ہر پیر و جواں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا ۔ خطہ آزادکشمیرکو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔20 ماہ میں بچت کی ،وزرا ء کے لیے کوئی گاڑی ،موٹرسائیکل تک نہیں خریدا،3 روپے بجلی، سستاآٹا دیا 18ارب روپے کی ٹیکس کولیکشن کی،22 ارب کا بجٹ خرچ کیا لیکن 22 روپے کی کرپشن نہیں ہوئی۔

600 ارب کے مافیاز پر ہاتھ ڈالا،سگریٹ مافیاز پر کریک ڈاون کیا۔کرپٹ مافیاز پر ہاتھ ڈالا تو عدم اعتماد کی چیخیں سنیں ،آزادکشمیر کی سلامتی و ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بے لوث خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حقیقی فلاح کے لیے مثالی ترقیاتی منصوبہ جات دیئے جسکامنہ بولتا ثبوت بھمبر میں دانش سکول کا منصوبہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے بھمبر میں دئیے جن پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں ۔آزادکشمیر بھر میں وفاق کی شفقت کے باعث فنڈزکی فراہمی سے تمام زیرالتواء منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوموں کی زندگی میں نشیب و فراز آتے ہیں، 5 اگست 2019 کی دھند کے اثرات ختم ہوچکے ہیں۔بھارت کا جبر انجام کو پہنچے گا ۔

وزیراعظم پاکستان و مسلح افواج پاکستان کے سپہ سالار کی محنت سے آزادکشمیر میں بے چینی کی دھند ختم ہوچکی ہے ۔تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولاقبول نہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج بھارتی وزیر راج ناتھ چیخ رہاہے ہم نے بھارت کے پروپیگنڈہ کو ناکام بنایا آئندہ 2 ماہ میں پوری بھارتی کابینہ وزیراعظم آزادکشمیرکانام لے کر چیخیں مارے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا ہو گا کہ محافظ فوج اور قابض فوج میں کیا فرق ہے ، اگر سلامتی محفوظ نہیں ہو گی تو فلسطین ،لیبیا عراق شام کی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں ۔ سیاسی قیادت متحد ہے ۔

دشمن کی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے ۔ دانش سکول سسٹم کا 100 فی صدکریڈٹ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کاتصور بھی یہی ہے کہ غریب و امیر کا فرق ختم ہو اور یہی دانش سکول سسٹم نے کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.