پونچھ،آئین وقانون کی عملداری کویقینی بناناترجیح،ڈپٹی کمشنر

 

ڈپٹی کمشنر پونچھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، عوامی مسائل کے حل اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے عزم کا اظہار

راولاکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز کاظمی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سول اور ملٹری حکام سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا، ان کے فوری حل کے لیے اقدامات تجویز کرنا اور حکومتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔ محکمہ جات کے افسران نے فورم کو بریفنگ دیتے ہوئے جاری حکومتی منصوبوں کی پیش رفت اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں آئین و قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

راولاکوٹ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور حوالہ ہنڈی جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی، اور منشیات کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری قوانین میں ترامیم کے لیے حکومت کو تجاویز ارسال کی جائیں گی تاکہ ان مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز کاظمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پونچھ میں آئین و قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوامی خدمت اور مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور تعاون کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.