اسلام گڑھ،طلباءکےاعزازمیں تقریب،نمایاں کارکردگی پرانعامات

اسلام گڑھ،طلباءکےاعزازمیں تقریب،نمایاں کارکردگی پرانعامات

اسلام گڑھ (نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد جموں کشمیر مدحت شہزاد جرال نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا اثاثہ ہے جنہوں نے آگے چل کر ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے ان کی حوصلہ افزائی اور ان کے مستقبل کے تعین کے لیے ایک روڈ میپ مہیا کرنا ہمارا فرض ہے. ان کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت کو پروان چڑھانا بھی ہماری ذمہ داریوں میں سہرفہرست ہونا چاہئے ہم نے ایک بہترین نسل تیار کرکے آنے والے وقتوں کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے اس ملک کو دینی ہےان خیالات کا اظہار انھوں نے بحیثیت مہمان خصوصی تنظیم جرال راجپوت میرپور کے زیر اہتمام میرپور کے مقامی ہوٹل میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ
میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جرال برادری کے ذہین طلباء طالبات میں نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں پاکستان کے مختلف شہروں اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے برادری کے سرکردہ احباب کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی.


محترمہ مدحت شہزاد جرال نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ تنظیم نے اس بڑے اقدام کو اٹھایا اور ان بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جنہوں نے تعلیمی میدان میں اپنا اور اپنے کنبے کا نام روشن کیا یہی بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں جنہوں نے کل ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے آج ان کو ایک روڈ میپ دینگے تو کل یہ مثبت ڈگر پر چلیں گے.

انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قومیں اور قبیلے پہچان کے لیے بنائے ہیں لیکن جن قبائل کے افراد ملک وقوم کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیتے ہیں وہ افراد ملک وقوم کے ساتھ ساتھ اپنے قبیلے کے لیے بھی شان و شوکت اور فخر کا باعث بن جاتے ہیں. جرال قبیلہ کی تاریخ انتہائی شاندار ہے. دو بار ہجرت کے باعث پیش آنے والے مسائل کے باوجود اس کی موجودہ صورتحال بھی اطمینان بخش ہے.

 

تحریک آزادی کشمیر اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں جرال قبیلہ کا کردار لائقِ تحسین اور قابل فخر ہے. بچوں میں اچھی تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق اور اعلیٰ کردار کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے. انھوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف بھی توجہ دینے اور خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا.

تقریب کے مہمانان اعزاز مرزا خالد محمود جرال سیکرٹری صنعت و حرفت آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ مدحت شہزاد جرال ہمارے لیے رول ماڈل ہیں انھوں نے ایمانداری، محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے.ہمیں سفارش تلاش کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد محنت اور قابلیت پر انحصار کرنا چاہیے.ٹیکنیکل تعلیم اور تجارت کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے.

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روایتی ملازمتوں کے ساتھ ساتھ ایڈمنسٹریشن، آرمی، عدلیہ اور دیگر اہم شعبہ جات کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے،تقریب کے مہمان اعزاز ابصار حسین جرال سیکرٹری محتسب آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں این جی اوز کا کردار بڑا اہم ہے. لوگوں کی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد بہت بڑی نیکی ہے جس کا اجر دنیا آخرت دونوں جگہ ملتا ہے. انھوں نے شاندار تقریب منعقد کرنے پر منتظمین کو مبارک باد دی. ،

بریگیڈئیر محمد منیر جرال سرپرست اعلی تنظیم جرال راجپوت فاونڈیشن نے کہا کہ جرال راجپوت فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کسی کی ذاتی تنظیم نہیں ہے. ہمارے اکابرین کی طویل محنت اور جدوجہد کے باعث ہم اس مقام تک پہنچنے ہیں. اور ہم اپنے بزرگوں کو اس احسن کاوش پر خراج عقیدت و تحسین پیش کرتے ھیں اور نیک نیتی کے ساتھ خدمت کا جذبہ رکھنے والے افراد کے لئے اس تنظیم کے دروازے کھلے ہیں لیکن اس تنظیم کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے ،

محمد عظیم جرال چئیرمین تنظیم جرال راجپوت نے کہا کہ آج بڑی خوشی کا دن ہے کیونکہ ہماری اگلی نسل کے ہونہار سپوت اپنے کارگزاری کے ساتھ یہاں موجود ہیں حافظ محمد مقصود اور ان کے تمام ساتھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دن رات ایک کرکے تقریب منعقد کی اور ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرکے دیگر بچوں کو پیغام دیا کہ وہ بھی محنت لگن کو شعار بنا لیں تاکہ ایک مقابلے کی فضا قائم ہو اور وہ بہتر شعبے کا انتخاب کر سکیں جہاں ملک و قوم کو بھی ان کی ضرورت ہو.
صدر تنظیم جرال راجپوت حافظ محمد مقصود جرال نے کہا کہ آج میرے لیے انتہائی مسرت اور خوشی کا دن ہے کہ ہمارے نونہال طالبعلم بھی تعلیمی میدان میں بھرپور کارہائے نمایاں سرانجام دے رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کا بنیادی مقصد ان میں مقابلے کی فضا کو بڑھانا ہے

.تقریب میں شرکت کرنے والے تمام زعما اور احباب کا انتہائی شکر گزار ہوں اور جن احباب نے مالی تعاون لیا اور جن ساتھیوں نے تقریب منعقد کرنے میں دن رات محنت کی ان سب کا انتہائی ممنون ہوں الحمد اللہ زندگی کا ایک بڑا دن اللہ نے دکھایا ہے ہماری خواہش تھی کہ برادری کے ہونہار طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جاے اور ان کو باور کروایا جاے کہ وہ ہمارا اثاثہ اور ہماری امیدوں و امنگوں کا محور و مرکز ہیں
تقریب میں نظامت کے فرائض ممتاز قانون دان عمر عبدالرحمن ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری تنظیم جرال راجپوت میرپور نے انتہائی خوبصورتی سے ادا کیے. تلاوت کلام پاک کی سعادت معصب عبدالصبور نے حاصل کی جبکہ بارگاہ رسالت میں گلہاے عقیدت کے پھول زبیر الحسن جرال نے نچھاور کئے
تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن امریکہ کے صدر ڈاکٹر عبدالمجید جرال کی طرف سے کامیاب طلبا و طالبات کو فی کس دس دس ہزار روپے اور لندن میں مقیم شاہدہ جرال نے پانچ پانچ ہزار روپے انعامات دئیے گئے .

تقریب سے راجہ رشید احمد جرال صدر تنظیم جرال راجپوت فاونڈیشن گجرات نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع گجرات کے مختلف علاقوں میں ہم 2 ایمبولینس اور 4 ڈسپنسریاں چلا رہے اور اس کے علاوہ ہسپتال یا کوئی اور ادارہ قائم کرنے کے لیے مرکز تعاون سے 4کنال جگہ بھی خریدی جا چکی ہے علاوہ ازیں ضرورت مند افراد کی امداد کیلئے بھی ہمارے ساتھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں ،

محمد اشتیاق جرال صدر تنظیم راولپنڈی نے بتایا کہ راولپنڈی تنظیم تقریباً ایک کروڑ کے لگ فنڈز مستحق طالب علموں اور دیگر ضرورت مند افراد کو مہیا کر چکی ہے ،مرزا فاروق احمد جرال صدر تنظیم لاہور نے کہا کہ ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے اور اپنی تنظیم جرال کے فنڈز سے مستحق افراد کی بھرپور امداد کر رہے ہیں ،

حاجی ظفر جرال صدر تنظیم بھمبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھمبر کی تنظیم کے تحت 4 مستحق طالب علموں کو میڈیکل کی تعلیم مکمل کروائی جا چکی ہے اور اپنی بساط کے مطابق عام ضرورت مند افراد کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے.

تقریب سے تنظیم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق خان جرال ،محترمہ شمیم سعید مرزا اورسرفراز نجمی نے بھی خطاب کیا ،تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.