اسپیکراسمبلی چوہدری لطیف اکبر کےقافلے پرحملہ،دو افراد زخمی

اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملہ ، دو افراد زخمی

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر یونین کونسل چڑکپورہ وارڈ ککلیوٹ، حلقہ کھاوڑہ میں شمولیتی پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ ان کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

پبلک ریلیشنز افسر چوہدری مراد کے مطابق، شمولیتی پروگرام اپنے شیڈول کے مطابق جلد شروع ہوگا اور سیکڑوں افراد سیاسی مخالف جماعت چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ راستہ روکنے سے سیاسی سفر کو نہیں روکا جا سکتا۔ پیپلز پارٹی میں عوام کی شمولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کو اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل چڑکپورہ کی وارڈ ککلیوٹ شمولیتی پروگرام میں جانے سے روکنے کی کوشش، قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی، چوہدری لطیف اکبر فائرنگ کی پرواہ کیے بغیر تقریب میں پہنچ گئے،

فائرنگ چوہدری لطیف اکبر کے گزشتہ الیکشن میں انتخابی حریف کے حامیوں کی جانب سے کی گئی، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مظفرآباد کی ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر اور ایس پی موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،

چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پیپلزپارٹی کے کارکن ککلیوٹ پہنچ گئے،دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ، سپیکر کے دورہ ککلیوٹ کا شیڈول ایک ہفتہ پہلے جاری ہوا تھا اور انتظامیہ کا اطلاع دی گئی تھی، مخالف اُمیدوار کے حامیوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں،

چوہدری لطیف اکبر طے شدہ شیڈول کے مطابق اتوار کے روز ککلیوٹ پہنچے، انہیں انتخابی حریف کے قریبی عزیزوں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے منعقدہ تقریب میں باضابطہ نمائندہ خصوصی کے طور پر دعوت دی گئی تھی،

انتخابی حریف کے قریبی عزیزوں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت سے حلقہ کی انتخابی صورتحال پر اثرات کے پیش نظر فائرنگ کے ذریعے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں اور چوہدری لطیف اکبر کو ڈرانے کی مبینہ کوشش کی گئی، موصولہ اطلاعات کے مطابق سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر پیپلزپارٹی میں ککلیوٹ سے سیکڑوں سیاسی کارکنوں کی شمولیت کیلئے منعقدہ تقریب میں خطاب کر رہے ہیں،

فائرنگ کے مرتکب ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں، تاہم پولیس ضروری تقاضے پورے کرنے میں مصروف ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، حلقہ کھاوڑہ یونین کونسل چڑکپورہ پیپلزپارٹی کا گڑھ سمجھ جاتی ہے،

تاہم گزشتہ الیکشن میں چوہدری لطیف اکبر کے انتخابی حریف کو کلکیوٹ سے کچھ ووٹ ملے تھے جو انتخابی حریف کے قریبی عزیزوں کے تھے، جو اتوار کے روز باضابطہ طور پرپیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے ہیں، سپیکر اسمبلی کو حلقہ انتخاب میں جانے اور لوگوں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت سے روکنے کے فائرنگ کے اس واقعے نے سیاسی منظر نامے پر ہل چل پیدا کی گئی،

حلقہ کھاوڑہ میں بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف نے فائرنگ کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی عمل کو خوف کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کو مخالف اُمیدوار کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے فائرنگ کے مرتکب ملزمان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.