کشمیر مارچ،بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار،وزیراعظم انوار

کشمیر مارچ،بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار،وزیراعظم انوار

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)زیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مسئلہ کشمیر پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ گجرات کے قصائی کا وزیر دفاع راج ناتھ اکھنور میں آزاد جموں و کشمیر کے منتخب وزیراعظم کو غیر قانونی کہہ رہا ہے ۔ بھارت کے اندر اس کی حکومت میں گووا سے لیکر کشمیر تک تمام اقلیتیں نریندر مودی اور اس کی انتہا پسند کابینہ کے ظلم کا نشانہ بنی ہوئی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ بھارت کی ریاست اور نریندر مودی کی حکومت ساری انسانیت کے لئے خطرہ بن چکی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق خان ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی، وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزا دی کی تحریک اور جدو جہد ہم نے خود کرنی ہے ۔ ہمیں اقتدار اور سیاست جیسے معاملات ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف تحریک آزادی کشمیر پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، اسی میں کامیابی اور عزت ہے ۔محض سیاسی ، اخلاقی ، سفارتی طور پر مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہو گا ۔ ہمیں عملی جدو جہد کرنا ہو گی ۔

اقوام عالم اور اس کا چارٹر ہمیں مزاحمت کا حق دیتا ہے ۔ ہمیں عملاً جدوجہد کرنا ہو گی ۔ بھارت پر واضح کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے بیٹے غیرت مند ہیں یہ اپنی آزادی اور حریت کے لئے نریندر مودی اور اس کی فوج سے پوری طاقت سے ٹکرانے اور آزادی حاصل کرنے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتے ہیں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اقتدار اللّہ تعالیٰ کی طرف سے خالصتاً امانت ہے یہ صرف اور صرف یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے ہے ۔ تمام وسائل ان کے لئے وقف ہیں ۔ آزادی کے بقاء کے لئے نوجوان دفاع کی تعلیم و تربیت حاصل کریں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں روشن پاکستان کی خاطر بہت سے معاملات دیکھنا ہوتے ہیں ،لائن آف کنٹرول پر خاکی وردی میں تعینات چاروں صوبوں پر مشتمل فوجی جوانوں نے اپنا لہو دے کر آزاد کشمیر کی آزادی اور سلامتی کو قائم رکھا ہوا ہے۔ یہ رشتہ ازلی ہے اور اسے کوئی الگ نہیں کر سکتا ۔ کچھ عاقب نا اندیشن محافظ اور قابص کا فرق نہیں سمجھنے ہیں ۔

ان پر واضح کرتا ہوں کہ اکیسیوں صدی میں جنگ سرحدوں کی نہیں بلکہ بیانیہ پر چل رہی ہے ۔ ہمارا موقف کو کوئی رد نہیں کر سکتا ۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان ہمارا ہے اور ہم پاکستانی ہیں ۔ اس میں کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہے ۔ہمیں آپس میں اتفاق اور ایک متفقہ بیانیہ پیدا کرنا ہے کہ آزادی اور حق خود ارادیت ہی ہماری منزل ہے۔بیس کیمب کی تشکیل یہاں کی عوام کی فلاح اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کی گئی تھی ۔ ہم تمام وسائل آزادی کشمیر کے لئے وقف کرتے ہیں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر ، اس سے متاثرہ افراد اور مہاجرین کی دیکھ بھال بحالی کے لئے فراخ دلانہ امداد کی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خطاب کے دوران جلسہ کی عوام نے پُر زور نعرہ بازی کرتے رہے” ہم کیا چاہتے آزادی” کے نعرے لگاتے رہے ۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور بین الاقوامی قانون کشمیریوں کو آزادی کے لئے جدو جہد کی اجازت دیتا ہے ۔ کشمیری اپنی اس تحریک میں اکیلے نہیں ہیں ۔ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر ہے ۔ہم بھارتی حکومت کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ کشمیر کے جتنے بیٹے بیٹیوں کو شہید کر سکتے ہیں کریں جو کالے قانون ان پر لاگو کر سکتے ہیں کریں لیکن بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں شکست فاش ہو گی ۔

آج آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سمیت تمام جماعتوں کے نمائندے یہاں موجود ہیں ۔ جو صرف اور صرف کشمیر کی آزادی کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے ایک لاکھ نوجوانوں کے لئے فری لانسنگ کورس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتار راٹھور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے تشکیل پاکستان اور دو قومی نظریہ تاحال نامکمل ہے ۔ ہم لوگ 1947 سے آج تک پُر امن حل کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں ۔ قائد پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک ہزار سال لڑنے کا اعلان کیا تھا ، قائد عوام نے ہر فورم پر کشمیریوں کی وکالت کی 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جماعت اسلامی نے پہلی مرتبہ اعلان کیا ہے ۔ شہید محترمہ بے نظیر نے ملک گیر سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.