پی بی ایف انٹرنیشنل کالج میں شاندار اسپورٹس گالا فیسٹیول 2025 کا انعقاد
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)پی بی ایف انٹرنیشنل کالج نے سالانہ اسپورٹس گالا فیسٹیول کا کامیاب انعقاد اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کیا، جہاں طلبہ، اساتذہ، اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد تھے۔ ان کے ہمراہ ڈی واٹسن گروپ آف پاکستان کے سی ای او، جناب ظفر بختواری اور ایس او ایس فاؤنڈیشن اسلام آباد کی سی ای او، محترمہ شائستہ محسن بھی شریک ہوئیں۔
پی بی ایف انٹرنیشنل کالج کی پرنسپل، محترمہ سائرہ محسن نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کالج انتظامیہ کی جانب سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی خطاب میں، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد نے کالج انتظامیہ کو اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں نہ صرف جسمانی فٹنس کو فروغ دیتی ہیں بلکہ طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ انہیں معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان تعلیم کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، اور ورکرز ویلفیئر فنڈ اس قومی مشن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے جیتنے والے طلبہ میں میڈلز تقسیم کیے۔ انہوں نے تمام شرکاء، خاص طور پر فاتحین کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں مزید بہتری کی تلقین کی۔
اسپورٹس گالا فیسٹیول 2025 ایک شاندار کامیابی ثابت ہوا، جس نے طلبہ میں ٹیم ورک، ڈسپلن، اور جوش و جذبے کو فروغ دیا۔