سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے 50 سال مکمل تقریبات کے انتظامات کے حوالہ سے اجلاس
مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی زیر صدارت سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے انتظامات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان بھی موجودتھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل رجسٹرار ملک احتشام، اسسٹنٹ رجسٹرار نثار شاہین و دیگر آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں چیف جسٹس اور معزز ججز صاحبان کو سپریم کورٹ کی 50سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے اب تک کے ہونے والے انتظامات کی نسبت تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ چیف جسٹس ومعزز ججز نے پیش کردہ تجاویز کا بغور جائزہ لیا اور قیمتی آرا ئسے نوازا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف سرکاری محکمہ جات کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔اور ان کے متعلقہ اداروں کو گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے ذمہ داریوں پر بات ہوگی۔
یاد رہے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پانچ دہائیوں پر محیط عدالتی خدمات اور آئین کی حکمرانی کے لئے مزید اقدامات کے پہلو پر روشنی ڈالی جائے گی۔تقریب کے حتمی شیڈول اور تیاریوں کے حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔