ڈپٹی کمشنر کوٹلی کا تعلیمی اداروں میں بچوں کو مضر صحت اشیا خورد ونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی میجر ر ناصر رفیق نے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے بیکریز سمیت کھانے پینے کے آئٹم تیار اور فروخت کرنے ولے کاروباری مراکز کی رجسٹریشن مکمل کرتے ہوئے تفصیل پیش کرنے،تعلیمی اداروں کی کینٹینز اور شاپس پرمضر صحت آئٹمز پر پابندی یقینی بناتے ہوئے قانون شکن عناصر کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ خوراک کے عملہ کیساتھ میٹنگ میں فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عملدرآمد کی رفتار اورمعاشرے میں ان قوانین کے اثرات کا جائزہ لیا گیا ضلع میں شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے ان قوانین کو پوری طاقت سے نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے فوڈ اتھارٹی کے قوانین کو ان کی روح کے مطابق سمجھنے اور انھیں نافذ کرنے لی خاطر محکمہ خوراک کے فیلڈ و ٹیکنیکل سٹاف کے لئے بلدیہ ہال میں آئندہ ہفتے 3 روزہ “کیپیسٹی بلڈنگ “ تربیتی ورکشاپ منعقد کرانے کی ہدایت کی جس کی ذمہ داری تین سب ڈویژنل مجسٹریٹس کو سونپی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سے تعلیمی اداروں میں کینٹینز اور شاپس کی رجسٹریشن مکمل کرتے ہوئے فروخت کے لئے ممنوع آئٹمز جعلی برانڈ ز کی سلانٹی ،بسکٹ ،سنیک ،مشروب کی فہرست سمیت رپورٹ طلب کی ،انہوں نے فوڈ اتھارٹی ،لائیو سٹاک اور بلدیہ مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ شہر اور مختلف علاقوں میں اشیا خورد و نوش کے معیار کی ٹیسٹنگ /چیکنگ کے لئے پہلے متعلقہ ایس ڈی ایم سے شیڈول حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ قانونی سزاؤں کا ایک مقصد ہوتا ہے ،سزا کا اثر ہونا چاہئے۔ فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے نفاذ کا مقصد شہریوں کی خوراک کا معیار یقینی بناتے ہوئے ان کی صحت کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں ہدایت کی کہ ڈی ایف سی ہر ماہ کی پانچ تاریخ سے پہلے قانون شکن عناصر کے خلاف جرمانہ ،استغاثہ کاروبار سیل و ضبطگی سمیت دیگر قانون کارروائی کی رپورٹ دیں۔
انہوں نے کھانے پینے کی اشیا سے متعلق کاروبار کی گیٹیگریز کے لحاظ سے رجسٹریشن کرنے بھی حکم دیا اور اس کی ماہانہ رپورٹ طلب کی ۔ انہوں نے بیکریوں میں غیر معیاری آئل کے استعمال پر کہا کہ بیکرزسیکٹرمعیاری اشیا بنانے کے معیار پر پورا نہیں اترتا انہوں نے ڈی ایف سی سے کہا کہ مارچ کے مہینے میں ایک ایسی بیکری کا وزٹ کرائیں جو معیاری آئٹمز بنانے کے معیار پر پورا اترتی ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں بچوں کی صحت کو غیر معیاری اشیا کے نقصانات سے بچانے کے لئے فوڈ اتھارٹی کے قوانین کا فوری نفاذ کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ جملہ سکول کینٹینز کو اندر تین ماہ رجسٹر کرکے رپورٹ کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیض عالم ،ڈی ایف سی /ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر منور احمد چوہان ،اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی سردار ولید انور،اسسٹنٹ کمشنر چڑہوئی نزاکت حسین ، اسسٹنٹ کمشنر فتح پور تھکیالہ سیماب اسلم ، اسسٹنٹ کمشنر کھوئیرٹہ تنویر السلام ، اسسٹنٹ کمشنر دولیاہ جٹاں غلام محی الدین ،اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر محمد خورشید خان ، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر رضوان اسماعیل بڈھانوی اور محکمہ خوراک کے دیگر فیلڈ و ٹیکنیکل سٹاف نے شرکت کی