8فروری پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے کے حوالے سے سیاہ ترین دن ہے،سردار عبدالقیوم نیازی
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر تحریک انصاف وسابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ 8فروری پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے کے حوالے سے سیاہ ترین دن ہے،آزادکشمیر کے عوام بھی اس روز یوم سیاہ منائیں گے، فسطائیت کے کیخلاف پورے پاکستان سے عوام سڑکوں پر نکلیں گے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام بھی اپنے قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں اس احتجاج میں شامل ہوں گے،
چوری شدہ مینڈیٹ کی برآمدگی کے لئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔ 8 فروری 2024ء کو عوام نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر عمران خان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹ دیا، حالانکہ انہیں انتخابی نشان تک سے محروم کیا گیا تھا،8 فروری 2024ء فارم 47کے ذریعے ایک جعلی حکومت مسلط کی گئی جو جمہوریت کے نام پر ایک مذاق ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پیشی کے بعد میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران سابق وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرنے سے روکنا اور مقبول سیاسی قیادت کو طاقت کے زور پر جعلی مقدمات میں پابند سلاسل رکھنا ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے اصل خطرہ ہے۔گزشتہ سال8 فروری کو پاکستان کے عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے اس فیصلے کو تسلیم کرنے میں ہی سب کی بقاء ہے۔
سازش اور طاقت کے زور پر لوگوں کو بنیادی جمہوری حقوق سے محروم رکھنا مخصوص ذہنیت کا وطیرہ رہا ہے،پاکستان میں جب تک شفاف اور غیر جانبدار انتخابات نہیں ہوتے سیاسی استحکام ممکن نہیں،ملکی معیشت کا سارا دارومدار اندرونی استحکام پر ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت غلطیوں پر ڈٹ جانے کا نہیں بلکہ غلطیوں سے سبق سیکھنے کا ہے،8فروری کو یوم سیاہ اور احتجاج کا حق پاکستان کا آئین دیتا ہے،فارم 47 کے ذریعے مسلط شدہ نااہل حکمران کٹھ پتلی کردار ادا کررہے ہیں۔آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں یوم سیاہ کے موقع پر تحریک انصاف کے تمام عہدیداران،کارکنان اور جماعتی تنظیمیں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کریں گی،
اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کر کے عمران خان،تحریک انصاف اور پاکستان کے عوامی مینڈیٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔سردار عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا واحد حل سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف اور مقبول سیاسی قیادت عمران خان کے پاس ہے،ان کی رہائی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں مصنوعی ہیں ۔
پاکستان کے عوام تمام حقائق جان چکے ہیں،8فروری 2024ء کے دن عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف تیار کیے گئے تمام مصنوعی بیانیے مسترد کرتے ہوئے اپنا ووٹ عمران خان کے نام کیا،فارم 47 کے ذریعے پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور سب سے مقبول سیاسی راہنما کو اقتدار سے محروم رکھ کر بعض عناصر نے اپنی انا کی تسکین کی ۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں تحریک انصاف کے دیگر راہنماؤں سلمان اکرم راجہ،رؤف حسن،سید علی بخاری،شعیب شاہین،شیر افضل مروت،فلک ناز،نادیہ خٹک کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں عدالت نے ان کی ضمانت میں 24فروری تک توسیع کردی۔
عبدالقوم نیازی کے ہمراہ ان کی لیگل ٹیم کے چوہدری خالد یوسف،سردار مصروف ایڈووکیٹ،انصر کیانی،زاہد بشیر ڈار،آمنہ علی،شمسہ کیانی،مرتضی طوری،مراز آصف بیگ،فتح اللہ برکی،عادل کول ودیگر نے عدالت میں پیروی کی۔