بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادتیں ناقابل برداشت،وزیراعظم
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) زادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے گزشتہ دو دن کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں دو شہریوں کی شہادتوں پر شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے ۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 5 فروری کو پوری پاکستانی قوم نے اپنے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں سے یوم یکجہتی بھرپور انداز میں منایا جس سے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج بوکھلا گئی ہے اور اس نے گزشتہ دو دن سے وادی میں تلاشیوں،محاصرے اور گرفتاریوں کا لامتناہی سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دن کے دوران ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے کٹھوعہ میں ایک گوجر نوجواان مکھن دین دوران حراست بھارتی فوج کے تشدد سے شہید ہو گیا جبکہ سوپور میں ایک ٹرک ڈرائیور وسیم مالہ کو بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، دوران حراست تشدد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس نازک صورتحال کا نوٹس لے جس کی جانب کشمیری حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے بھی توجہ دلوائی ہے کہ عالمی برادری بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے کیلیے اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی تحریک آزادی ہر حال میں جاری رکھیں گے اور ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ نے کر رکھا ہے ۔