ڈاکٹرطارق فضل سےناصره خان کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سےناصره خان کی اہم ملاقات، مسلم لیگ ن خواتین ونگ آزاد کشمیر کی مضبوطی اور انتخابات پر مشاورت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شعبہ خواتین کی جنرل سیکریٹری ناصره خان نے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات میں آزاد کشمیر میں خواتین ونگ کی تنظیمی مضبوطی، انتخابی حکمت عملی اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ناصره خان نے خواتین ونگ کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور انہیں مزید مواقع اور رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ونگ کسی بھی جماعت کی کامیابی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ناصره خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے اور خواتین کو قیادت کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات میں دیگر سیاسی امور، پارٹی کی حکمت عملی اور انتخابات میں کامیابی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین ونگ کو مزید متحرک کرکے مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.