چینی کی قیمتوں میں اضافہ، عوام کی قوت خریدبری طرح متاثر

چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر،ڈیڑھ ماہ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)ماہ صیام (رمضان المبارک) سے پہلے چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کر کے رکھ چھوڑا، عام مارکیٹ میں چینی 160 سے 200روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو ہو چکی ہے۔ نئے سال 2025 کے پہلے ڈیڑھ ماہ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گزشتہ ڈھائی ماہ میں چینی کے اوسط نرخ 22 روپے 42 پیسے بڑھے ہیں، جب کہ 2025 کے آغاز پر چینی کی قیمت 138 روپے 64 پیسے فی کلو تھی۔ وفاقی حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد اکتوبر میں مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

میڈیارپورٹ کے مطابق، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے،

تاہم شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے فی کلو پڑ رہی ہے،کم قیمت پر فروخت سے انہیں نقصان ہوگا۔ان وجوہات کے تناظر میں ریاست آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں گراں فروشوں اور زخیرہ اندوزی کرنے والوں نے اشیاء خوردونوش کو غائب کرنا شروع کر دیا ہے

جو ایک طرف تو حکومتی غفلت نااہلی تو دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی کمزور گرفت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے استدعا کی ہے کہ فوری طور پر رمضان المبارک کے تقدس کو بحال رکھنے اور عوام کو شعائر اسلام کی آسانی سے ادائیگی کے لیے کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.