سعودی میڈیافورم کاچوتھااجلاس،وفاقی وزیراطلاعات ریاض پہنچ گئے

سعودی میڈیافورم کاچوتھااجلاس،وفاقی وزیراطلاعات ریاض پہنچ گئے

ریاض (الیاس رحیم) پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سعودی میڈیا فورم کے چوتھے اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض پہنچ گئے، جہاں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی نائب وزیر میڈیا ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
عطا اللہ تارڑ 19 سے 21 فروری تک جاری رہنے والی بین الاقوامی میڈیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گےاپنے دورۂ سعودی عرب کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں، اور مملکت ایک قریبی دوست اور برادر ملک ہے۔
انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی، خوشحالی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے مثالی اقدامات کر رہا ہے
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سعودی عرب امن، خوشحالی، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا ایک نمایاں حامی ہے، جبکہ سعودی میڈیا فورم عالمی سطح پر میڈیا کے تجربات کے تبادلے اور تعاون کے فروغ کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔
یہ فورم عالمی میڈیا اداروں، ڈیجیٹل صحافت، مواد کی تخلیق، جدید میڈیا رجحانات، اور میڈیا معیشت کے استحکام جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کرے گا۔ جعلی خبروں کے چیلنج، مصنوعی ذہانت کے استعمال، میڈیا ڈس انفارمیشن، تفریحی صنعت اور ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ جیسے موضوعات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کانفرنس کے دوران اہم بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں میڈیا تعاون کے فروغ اور پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.