بی آئی ایس پی ملک کاسب سےبڑا منصوبہ ہے،روبینہ خالد
مظفر آباد(بیورو رپورٹ )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی ملک کا سب سے بڑا فلاحی منصوبہ ہے جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق پاکستان بھر میں لاکھوں مستحق خاندانوں بالخصوص خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنارہا ہے۔ اس پروگرام کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شہید بی بی کے خواب کی تعبیر کے طور پر اپنے دور حکومت میں عملی جامہ پہنایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی خود مختاری کو ترجیح دی ہے اور بی آئی ایس پی اسی وژن کا تسلسل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر آزاد کشمیر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید اور وزیر فشریز سردار جاوید ایوب اور پیپلز پارٹی کے عہدیداران، بی آئی ایس پی بینیفیشریز اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔
چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت ایک نیا بینکنگ ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے تاکہ ان کی امدادی رقم میں کسی قسم کی کٹوتی نہ ہو۔ علاوہ ازیں رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے ہر تین سال بعد تصدیق کی جائے گی تاکہ مزید مستحق خاندان اس پروگرام میں شامل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت بینظیر ہنر مند پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مستحق خواتین کے بچوں کو ہنر مند بنا کر انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانا ہے۔ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ماں اور بچے کی صحت بہتر ہو سکے۔تعلیم کے فروغ کے لیے بھی بی آئی ایس پی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایسے بچوں کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں جن کی اسکول حاضری 70 فیصد سے زائد ہو۔
بی آئی ایس پی ملک کاسب سےبڑا منصوبہ ہے،روبینہ خالد
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت خاتون کو خاندان کا سربراہ تسلیم کیا گیا ہے اور نادرا کے بعد ملک میں سب سے زیادہ خواتین بی آئی ایس پی کے ذریعے رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ اب ملک میں خدا نخواستہ کسی بھی ناگہانی آفت کے بعد ہم ایک دن میں مستحق افراد تک امداد پہنچا سکتے ہیں۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور “روٹی، کپڑا اور مکان” کا تسلسل ہے۔ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
بی آئی ایس پی دنیا کا سب سے شفاف فلاحی منصوبہ ہے اور کچھ عناصر نے اس کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی، مگر عوام کے دلوں میں بی بی شہید بھٹو کی تصویر ہمیشہ زندہ رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر قائمقام صدر آزاد کشمیر نے سینیٹر روبینہ خالد کو سووینئر بھی پیش کیا۔
Comments are closed.