لاہور،او پی ایف کاغیرقانونی قبضوں کیخلاف بڑا آپریشن

اوورسیزپاکستانیزفاؤنڈیشن لاہورمیں غیرقانونی قبضوں کیخلاف بڑا آپریشن: وسیع علاقے کا قبضہ واگزار

لاہور (بیورو رپورٹ ) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک فیصلہ کن اقدام میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) نے منیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد افضال بھٹی کی قیادت میں لاہور کے او پی ایف ٹاؤن میں غیرقانونی قبضے سے زمین بازیاب کرا لی۔ یہ کارروائی او پی ایف کے غیرقانونی قبضوں کے خلاف جاری مہم کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے جو 18 فروری 2025 کو مکمل ہوئی۔

یہ آپریشن ایم ڈی محمد افضال بھٹی کے لاہور کے حالیہ دورے کے بعد شروع کیا گیا جہاں انہیں او پی ایف لاہور سوسائٹی میں زمینوں کے غیرقانونی قبضوں کی تشویشناک اطلاعات موصول ہوئیں۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر نے خود پنجاب کی وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز سے رابطہ کیا اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور لاہور پولیس چیف کی مکمل حمایت حاصل کرکے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور پنجاب پولیس کی بھرپور معاونت کے ساتھ او پی ایف کی ٹیم نے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کو یقینی بنایا۔

منیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد افضال بھٹی خود موقع پر موجود رہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیں تمام غیرقانونی قبضے سے زمینیں بازیاب کرنے کا حکم دیا ہے اور ہم اس مشن کو مکمل کیے بغیر نہیں رکیں گے۔

انہوں نے او پی ایف کی زمینوں پر قابض قبضہ گروپس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر جائیدادیں خالی کردیں ورنہ انہیں سخت قانونی نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ او پی ایف زمین پر قابضوں کے خلاف صفر رواداری کا مظاہرہ کرے گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص زمینوں کے استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔

چیئرمین او پی ایف جناب سید قمر رضا نے منیجنگ ڈائریکٹر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک آغاز ہے۔ او پی ایف اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک کہ ہر انچ زمین بازیاب نہیں ہوجاتی۔

یہ تاریخی کارروائی او پی ایف کے غیرقانونی قبضوں کے خلاف جنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور ان کی قربانیوں کے تحفظ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.