ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس،امن وامان کاجائزہ

ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس،امن وامان کاجائزہ

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمانڈر ون اے۔کے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس(ریجن)مظفرآباد یاسین قریشی، ڈی جی سیاحت وآثارقدیمہ مہربان رشید، سپرنٹنڈنگ انجینئرہائی وے سیدکاشف علی گزدیزی،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سیداشفاق گیلانی، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد ریاض حیدربخاری، سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی مرزا زاہد، سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم ویلی خواجہ محمد صدیق، کنررویٹر جنگلات نصیر احمد، چیف آفیسربلدیہ مظفرآبادمحمدذوالفقار عالم، سید عمران عباس ADC(G)مظفرآباد، انسپکٹر CTD ملک فاروق، ڈی ایس پی سپیشل برانچ ذاکر اقبال اور سیکیورٹی ایجنسیز کے آفیسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے، جرائم کے خاتمہ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔پترینڈپاورپراجیکٹ،نیلم جہلم پراجیکٹ میں سیکیورٹی Flaws کو دورکرنے کے علاوہ راڑاہ جیل کا جائنٹ سیکیورٹی آڈٹ کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت تکمیل کے لیے تمام محکمہ جات کوآرڈینیشن سے کام کریں گے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمن نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتربنایا جائے۔

امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ بھرپور انداز میں کام کرے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جائے۔آزادکشمیر ملک کا ایک بہترین سیاحتی مقام ہے، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سیاحوں کوچیک کرنے کیبعد اُن کا ڈیٹامرتب کرتے ہوئیٹیگ جاری کیئے جائیں تاکہ اُن کو باربارچیکنگ کے عمل سے نہ گزرنا پڑے۔

قائداعظم لاجز برسالہ کی رینویشن کے لئے الگ سے PC-1 مرتب کیا جا کرآئندہ بجٹ سے منظور کروایا جائیگا۔ اس کے علاوہ ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کی جائے اور سوشل،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام و الناس میں آگاہی دی جائے کہ سیاح حضرات صرف رجسٹرڈ ٹورآپریٹرز کے ذریعہ ہی سیروتفریح کے پروگرام ترتیب دیں۔بجلی کی فراہمی اور پاور جنریشن سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے پلان مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کو لگائی جانے والی آگ سے ایک طرف تو ہمارے قیمتی جنگلات کا ضیائع ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف یہ ہمارے ائیر انڈیکس کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے۔اس اہم مسئلہ کی جانب ہم سب کو سنجیدگی سے توجہ دیتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔

جس طرح مری سے بکروالوں کو اپنے جانور پیدل لانے کی ممانعت ہے اسی طرح کوہالہ سے نیلم ویلی اور جہلم ویلی کے پہاڑوں تک بھی بذریعہ گاڑیوں /ٹرکوں پرلے جانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ مرکزی شاہرات کے کنارے پرلگائے گے پودہ جات کی حفاظت ممکن بنانے کے علاوہ اُن کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک حادثات کو روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ،غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی، مدارس کی رجسٹریشن، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ پر عملدرآمد، افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے، سڑکوں کو بہتر بنانے، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں خوراک اور ادویات کے ذخیرہ کی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ برفانی علاقو ں میں غذائی قلت اور ادویات کی کمی نہ ہو۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر ون اے۔کے بریگیڈ نے کہا کہ اس فورم کا مقصد ایک دوسرے کے کام کا جائزہ لے کر کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہے تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل سے ہی امن وامان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لیے ان مسائل کو متعلقہ محکمہ جات بروقت حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع جہلم ویلی کے لیے منظور شدہ ہیوی ٹرانسفارمر کی جلد تنصیب کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کوہالہ اور برارکوٹ میں فلیگ ہوسٹنگ پوائنٹس بنائے جاکر گارڈز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملک کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود اور ریلیف وریسکیو کے کاموں میں پاک فوج بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس یاسین قریشی نے کہا کہ ملک کی انٹرنل سیکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ایکسٹرنل سیکیورٹی افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا مقصد ایک ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم کوآرڈینیشن سے کام کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر مجموعی طور پر پرامن خطہ ہے یہاں لا اینڈ آرڈر کاکوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ انٹری پوانٹس پر چیکنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی پولیس آفیسران افغان شہریوں کا مکمل اپ ڈیٹ ڈیٹا مرتب کریں۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حکومت آزاد کشمیر ترقیاتی منصوبہ جات کو جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کررہی ہے۔مظفرآباد شہرکے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ایک بڑا پراجیکٹ منظور ہوچکا ہے جس پر جلد کام مکمل کرلیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.