وزیر اعظم کاپولیس کی پروفیشنل استعدادکارمیں اضافےکیلئے1ارب کااعلان
مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)و زیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق نے آزاد جموں وکشمیر کشمیر پولیس کی پروفیشنل استعداد کار میں اضافے کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر میں امن کا سہرا آزاد کشمیر پولیس اور جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم رکھنے والوں کو جاتا ہے۔
ہمارا دشمن 5th جنریشن وار کے ذریعے نوجوانوان میں انتشار کی کوشش میں سرگرداں ہے ، دشمن کا مقصد نوجوانوں کے اذہان میں انتشار کو فروغ دینا ہے،بھارتی افواج نے اگر مقبوضہ کشمیر میں بربریت بند نہ کی تونوجوانوان کو خونی لکیر کراس کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادجموں وکشمیر پولیس کے 60 ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم نے دلیل کی قوت سے دعوت دینی ہے لیکن اگر کوئی سلامتی کو چیلنج کرے گا تو ریاست اس کاعلاج کرے گی،
انہوں نےکہا کہ محافظ اور قابض افواج میں فرق کرنا ہے، مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میری حکومت ٹیکس چوروں اور مافیاز کے خلاف سرجیکل انٹروینشن کیے ہوئے ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر پولیس کا خوبصورت ماضی ، شاندار حال اور روشن مستقبل ہے،حکومت پولیس کو وسائل کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائے گی۔
پولیس کی بہتری کے لیے 4 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے، پہلے مرحلے میں اس سال ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نےکہا کہ ہمارا دشمن انتہائی مکار ہے، عیار دشمن یہاں بدامنی چاہتا ہے، دشمن کبھی بھی پاکستان کی سرحدوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لیکن سیاسی انتشار پھیلا کر بدامنی کو فروغ دے سکتا ہے
انہوں نے نئے ریکروٹ ہونیوالے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے آپ زندگی بھر حلف کی پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ گزشتہ سال مئی اور دسمبر میں پیش آنے والے واقعات کے دوران پولیس نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا،
آئی جی پولیس کی جانب سے اینٹی رائیٹ فورس کا فوری قیام ایک احسن اقدام ہے، وزیراعظم نے کہاکہ 22ماہ کے دور حکومت میں صرف پولیس کے لیے نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔کابینہ اور بیوروکریسی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے وسائل میں کٹ لگا کر اخراجات کو پورا کیا۔ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ریونیو میں اضافے پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔
انہوں نےکہا کہ نئی پوسٹوں کی اجرائیگی ، نئی عمارات اور جدید ایکویپمنٹ کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کریں گی ۔ انہوں نےکہا کہ ایک ارب روپے پولیس کی رہائشی سہولیات کی فراہمی ، ٹریننگ سکولز کی بہتری، آرمز و امیونیشن ، ٹرانسپورٹ اور ایکویپمنٹ کے لیے ہیں، یہ رقم رواں مالی سال میں فراہم کردی جائے گی۔
وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام وسائل اور ٹیکسیز کا پیسا عوام کی فلاح پر خرچ ہوگا، جب تک مالک کے کرم سے قلم کا اختیار میرے ہاتھ میں رہا ریاست کے عوام کی فلاح کا مشن جاری رکھوں گا۔