حویلی کہوٹہ،بھارتی فوج کی فائرنگ،میزائل حملے،دوشہید

حویلی کہوٹہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور میزائل حملے میں دو افراد شہید، متعدد زخمی
حویلی کہوٹہ(کشمیر ایکسپریس نیوز) گزشتہ رات بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ اور میزائل حملے میں دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

شہداء کی شناخت محمد امین عرف اسلم بٹ ولد علی جو بٹ ساکن کالا مولا اور راج محمد ولد سائیں قوم چوہان ساکن کہوٹہ (عمر 70 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں پانچ سالہ کرن دختر نزیر بٹ، رضیہ نزیر زوجہ محمد نزیر (عمر 40 سال)، حفظہ زوجہ محمد امین بٹ (عمر 55 سال) اور شبنم دختر محمد امین (عمر 23 سال) شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہداء کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد راجہ ایاز سمیت مقامی انتظامیہ کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

عوام کی جانب سے پاک فوج کے حق میں زبردست ریلی نکالی گئی۔ “پاک فوج زندہ باد” اور “شگاف نہرو سے فضا گونج اٹھی” کے نعروں سے علاقہ گونجتا رہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دشمن کی جارحیت ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔

مقامی قیادت اور انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.