بھارت کی جارحیت پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 12 ڈرون تباہ

بھارت کی جارحیت پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 12 ڈرون تباہ، افواج پاکستان پوری طرح چوکس ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

 

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی شب کی گئی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور ڈرون حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جس میں پاک فوج نے بھارت کے 12 ہیرب ڈرونز تباہ کر دیے۔

 

میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب ڈرونز مار گرائے گئے۔

“لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے چار جوان زخمی ہوئے، جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ایک شہری شہید ہوا،” ترجمان نے بتایا۔

 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل ڈرون حملے کرنا کھلی جارحیت ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے اور دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

“ہندوستان ہوش و حواس کھو چکا ہے، اسے ماضی میں بھی ہزیمت اٹھانا پڑی، اس کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے، اور اب بھی اسے بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔”

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی فضائی، زمینی اور بحری افواج مکمل الرٹ ہیں اور ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

“ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت کا مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور انتہائی افسوسناک ہے،” انہوں نے کہا۔

 

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کا رویہ خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

“افواج پاکستان بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کا جواب دیں گی، اور اگر جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو نتائج کی ذمہ داری بھی بھارت پر ہی عائد ہوگی۔”

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جیسے جیسے صورتحال آگے بڑھے گی، قوم اور میڈیا کو مسلسل آگاہ رکھا جائے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.