قوم کے شاہینوں کوسلام،دشمن کی جارحیت پرقوم متحدہے:احسن اقبال

قوم کے شاہینوں کو سلام — دشمن کی جارحیت پر قوم متحد ہے: احسن اقبال

کوئی جنگ، کوئی طاقت پاکستان کو اقتصادی ترقی کے بنیادی ایجنڈے سے نہیں ہٹا سکتی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کے بروقت، مؤثر اور جرات مندانہ ردعمل کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ صرف طیارے نہیں، بلکہ یہ ہماری خودداری، قومی وقار اور مادرِ وطن کے تحفظ کی پرواز ہے۔ جو قوم اپنی سرزمین کی حفاظت کا ہنر جانتی ہو، اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔”

 

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر پائلٹس، جوانوں اور مسلح افواج کے ہر سپاہی کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، لیکن اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو دفاع کرنا ہمارا حق ہی نہیں بلکہ قومی فرض ہے۔ افواجِ پاکستان نے پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی اشتعال انگیزی ہمیں ہمارے اصل مقصد، یعنی پاکستان کی معاشی ترقی سے نہیں ہٹا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ “ہمیں اپنی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط بنانا ہے کیونکہ آج کے دور میں کسی بھی ملک کی سلامتی کا انحصار اس کی معاشی طاقت پر ہے۔ اگر ہم نے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے تو ہمیں روایتی سوچ یعنی بزنس ایز یوشول سے نکل کر نئی حکمت عملی اور پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.