حکومت پاکستان کابڑااقدام،متاثرین کیلئےامدادی پیکج جاری

حکومت پاکستان کا بڑا اقدام،کنٹرول لائن کے متاثرین کے لیے 53 کروڑ 20 لاکھ روپے کا امدادی پیکج جاری

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) سانحہ رونما ہونے کے صرف ایک ہفتے کے اندرحکومت پاکستان نے کنٹرول لائن اور سیز فائر لائن پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید و زخمی ہونے والے شہریوں، اور تباہ شدہ مکانات کے متاثرین کی مالی امداد کے لیے حکومت آزاد کشمیر کو 53 کروڑ 20 لاکھ روپے کا خصوصی فنڈ جاری کر دیا۔

 

اس ہنگامی امدادی پیکج کے تحت کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ فراہم کیا جائے گا، جبکہ زخمی افراد اور تباہ شدہ گھروں کے متاثرین کو ان کے نقصان کے تناسب سے مالی امداد دی جائے گی۔آزاد کشمیر کے عوام نے حکومت پاکستان کے اس بروقت اور موثر اقدام کو سراہا ہے۔

 

عوامی ردعمل میں شہداء کے ورثاء اور متاثرین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ بلا معاوضہ سپاہی کی حیثیت سے کھڑے رہیں گے۔

 

عوام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت پاکستان کنٹرول لائن کے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.