برطانوی ایوانوں میں بھی مسئلہ کشمیر اجاگر کیا،رانا قاسم نون

بریڈفورڈ قونصلیٹ میں مسئلہ کشمیر پر بریفنگ، برطانوی ایوانوں میں بھی مسئلہ اجاگر کیا: رانا قاسم نون

 

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل)  بریڈفورڈ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون، اراکین قومی اسمبلی ملک انور تاج، سید جاوید علی شاہ جیلانی نے شرکت کی۔ رانا محمد قاسم نون نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جس ملک کے نام میں کشمیر شامل ہو، اُس سے بڑی کمٹمنٹ کی اور کیا مثال دی جا سکتی ہے۔” انہوں نے بتایا کہ دورۂ برطانیہ کے دوران برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ سے تفصیلی ملاقاتوں میں بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

رانا نون نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر کے لیے جنگیں بھی لڑی ہیں اور سفارتی محاذ پر بھی مکمل حمایت جاری رکھی ہے۔” انہوں نے بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “پہلگام واقعہ بھارتی خود ساختہ ڈرامہ ہے جس کا مقصد انتخابی فائدہ اٹھانا تھا۔ مودی نے متاثرین سے ہمدردی کی بجائے انتخابی مہم جاری رکھی، جو اس کی بے حسی کا ثبوت ہے۔”

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو اس پر بھارت کو جوابدہ بنانا ہوگا۔ “پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔”

کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کے وفد کا بریڈفورڈ قونصلیٹ میں قونصل جنرل بریڈفورڈ زاہد احمد جتوئی نے پرتپاک استقبال کیا اور اپنے استقبالی کلمات میں کہا کہ “کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پوری قوم اس کاز پر متحد ہے۔”

اس موقع پر ریاض فتیانہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “اوورسیز پاکستانی اور کشمیری بلا معاوضہ سفیر ہیں جو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔” انہوں نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35 اے کے خاتمے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیر مین راجہ نجابت حسین نے کشمیر پارلیمانی کمیٹی کے وفد کو بریڈفورڈ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا برطانیہ کے دورہ کے دوران برطانوی پارلیمنٹرین سمیت کمیونٹی کے ساتھ بہترین انداز میں کشمیر اور پاک بھارت کی حالیہ صورت سے آگاہ کیا

تقریب کے دوران شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔”

آخر میں مقررین نے کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کے سفیر کے طور پر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.