اسلام آباد(رازق بھٹی) پاکستان نے اپنے ہزارویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دے دی،تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف پلڑا بھاری رہا،
عرفات منہاس پہلے ہی میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گٸے، مین آف دی میچ قرار، بابر کی تحمل مزاجی سے بلے بازی۔ غازی غوری بھی بلے بازی میں نمایاں رہے
، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے میھتیو رن شا نے61، میتھیو شارٹ نے55 رنز بنائے۔میتھیو کوہنمین نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے عرفات منہاس نے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے علاوہ ابرار احمد نے 2 جب کہ کپتان شاہین آفریدی، سلمان آغا اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 201 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بابر اعظم 69 اور غازی غوری 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 28 اور عرفات منہاس نے 18 رنز بنائے۔ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری۔ دوسرا ون ڈے 2 جون کو لاہور میں کھیلا جائےگا۔
پاکستان ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے، پاکستان ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ جبکہ آسٹریلیا اور ہندوستان ایک ہزار ون ڈے میچز مکمل کرچکے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، مجموعی طور پر پاکستان نے 36 ون ڈے میچز جبکہ آسٹریلیا نے 71 ون ڈےمیچز میں کامیابی حاصل کی۔
