سیدعلی گیلانی کی برسی،تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی تقریب

بریڈفورڈ میں سید علی گیلانی کی پانچویں برسی پر جموں و کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی خصوصی تقریب

بریڈفورڈ (بیورو رپورٹ ) جموں و کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل (JKSDMI) کے زیر اہتمام بریڈفورڈ میں بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین اور شرکا نے سید علی گیلانی کی جدوجہد، سیاسی استقامت اور کشمیر کاز کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سر دار عبدالرحمٰن خان سرپرست تحریک حق حق خودارادیت انٹرنیشنل کی زیر صدارت ہونے والی اس تقریب کی قیادت JKSDMI کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے کی۔ اس موقع پر راجہ غضنفر خالق سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ، گوہر الماس خان سابق لیڈز کونسلر، چوہدری اعجاز احمد صدر مسلم لیگ نارتھ یارکشائر ریجن، محمد اسلم چوہدری سابق سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس یو کے، راجہ اشفاق خان سابق صدر مسلم لیگ ن بریڈفورڈ، حاجی محمد نجیب سابق صدر مسلم کانفرنس بریڈفورڈ، اور ہیری بُوٹا ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر JKSDMI
،راجہ مہربان حسین چیئرمین امید ویلفیئر ٹرسٹ یو کے، شمیم اشرف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس راولپنڈی، راجہ خالد خالق صدر آزاد کشمیر اوورسیز ویلفیئر کونسل یو کے، سلطان محمود کراچی والا ( تمغہ امتیاز )،راجہ اشتیاق احمد، مفتی کامران حبیب، سکندر ضیا وڑائچ اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں و کشمیر کاز کے حامیوں نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے سید علی گیلانی کی کئی دہائیوں پر محیط سیاسی جدوجہد، اصول پسندی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش صورتحال کو برطانیہ اور یورپ کے سیاسی و سفارتی فورمز پر اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکا نے برطانوی پارلیمنٹیرینز، سیاسی جماعتوں، کمیونٹی تنظیموں اور انسانی حقوق کے نمائندوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مسئلہ کشمیر کو برطانیہ میں سیاسی اور عوامی مباحثے کا نمایاں موضوع برقرار رکھا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر سید علی گیلانی اور کشمیر کی جدوجہد میں جانیں قربان کرنے والے دیگر افراد کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکا نے کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی امنگوں کی حمایت میں اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.