جدہ: کفاح مینجمنٹ کمپنی کا افتتاح، پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو سہولت کا اعلان
جدہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)سعودی عرب کے شہر جدہ کے علاقے الصفاء میں کفاح مینجمنٹ کمپنی (Kifah Management Co.) کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے چیئرمین اکرام اللہ نے کہا کہ یہ کمپنی سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنی مدد آپ کے تحت قائم کی گئی، جس کا مقصد غیر سیاسی اور خالصتاً انسانی بنیادوں پر پاکستانیوں کو روزگار، سرمایہ کاری، تجارت، چھوٹی صنعتوں، جائیداد، زمین، لاجسٹکس اور نقل و حمل سمیت متعدد شعبوں میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی ٹیم سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مختلف مراحل پر ون ونڈو سہولت مہیا کر رہی ہے، جبکہ اب جدہ کے الصفاء میں بھی کمپنی کی شاخ قائم کر دی گئی ہے۔ اس شاخ میں ماہرین پر مشتمل ٹیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے جذبے سے کام شروع کر رہی ہے، جن میں محمد اشفاق، عرفان قادر اور دیگر ماہرین شامل ہیں۔
اکرام اللہ نے مزید بتایا کہ ریاض میں کمپنی کی جانب سے متعدد فارمیسیوں کے قیام کے علاوہ پاکستانیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال قائم کرنے پر بھی کام کیا گیا ہے، اور مستقبل قریب میں جدہ میں بھی اسی نوعیت کا منصوبہ شروع کرنے کا ارادہ ہے۔
پاکستان انویسٹرز فورم کے انفارمیشن سیکریٹری فضل منیر سالارزئی نے اکرام اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدہ میں کمپنی کا قیام، کمرشل رجسٹریشن اور دستاویزات کی تیاری سمیت کاروباری مراحل میں معاونت، پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کا نیا باب ہے۔
انوسٹرز فورم کے جنرل سیکریٹری مہر عبدالخالق لک نے کمپنی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں، جبکہ طبی مراکز کے قیام کے حوالے سے شرائط میں نرمی سے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔
کاروباری شخصیت ریاض شاہین آفریدی نے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں کاروباری ماحول گزشتہ برسوں میں نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے۔ اب اقامہ رکھنے والے افراد قانونی تقاضے پورے کرکے مختلف شہروں میں کاروبار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کامیابی کے لیے واضح ہدف اور مستقل مزاجی کو کلیدی حیثیت قرار دیا۔
تقریب سے انجینئر امجد جمال، عرفان قادر سواتی، محمد سلیمان، سید زمان، عطاء اللہ اور عبدالقیوم خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بتایا کہ کمپنی بزنس لائسنس، مقامی و غیرملکی کمپنی سیٹ اپ، ٹریڈنگ لائسنس، توانائی، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں رہنمائی فراہم کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین اکرام اللہ کی سربراہی میں کیک کاٹا گیا اور شرکاء کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
