پاکستان کے مسائل کا حل امانت و دیانت میں مضمر ہے،قدسیہ ناموس

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد شعبہ جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام یومِ آزادی کے حوالے سے ’’یوتھ کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں نوجوان لڑکیوں نے پاکستان کو درپیش اہم مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے ممکنہ حل بھی پیش کیے۔ مہمانِ خصوصی قدسیہ ناموس ،ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نوجوان بہترین کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں قرآن و حدیث کے علم، صحیح فکر اور کردار سے جوڑا جائے۔

قدسیہ ناموس نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل امانت و دیانت کے اصولوں میں مضمر ہے، جبکہ مغربی تہذیب کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کا قرآن و حدیث کے علم سے مضبوط تعلق ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو عزم، جرأت اور ذمہ داری کے ساتھ قومی کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

’’یوتھ کا پاکستان‘‘ میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکیوں نے اسٹیج اسکیٹس کے ذریعے پاکستان کے اہم ماحولیاتی، توانائی اور آبی مسائل کو تخلیقی انداز میں اجاگر کیا اور ان کے حل کی تجاویز پیش کیں۔

بحریہ ٹاؤن کی ٹیم نے جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی تحفظ کو موضوع بناتے ہوئے درخت لگانے، جنگلات بچانے اور پاکستان کو سرسبز بنانے کا پیغام دیا۔ پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم نے توانائی کے بحران اور آئی پی پیز کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے معاہدوں میں شفافیت اور شمسی توانائی جیسے متبادل ذرائع کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈی ایچ اے کی نوجوانوں نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انسانی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات کو اجاگر کیا، جبکہ سواں گارڈن کی ٹیم نے پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کو موضوع بناتے ہوئے پانی کے محتاط استعمال اور تحفظ کا پیغام دیا کہ آج محفوظ کیا جانے والا پانی آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔

تحریم خالد نے اپنی پریزنٹیشن میں ان تمام مسائل کو یکجا کرتے ہوئے نوجوانوں کے کردار اور پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے مؤثر پیغام دیا۔ پروگرام میں علامہ اقبال کی ’’شکوہ‘‘ اور ’’جوابِ شکوہ‘‘ پر مقابلے میں بھی نوجوانوں نے اپنی فکری و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پروگرام میں مدعو سوشل میڈیا انفلوئنسر اور موٹیویشنل اسپیکر میمونہ عارف نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے اور اپنے اندر کے جذبے کو زندہ رکھنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تھوڑی سی کوشش بھی انسان کو اپنی منزل کے قریب لے جا سکتی ہے۔

مارکیٹنگ پروفیشنل، برانڈ ایمبیسیڈر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عائشہ نور نے پاکستانی برانڈز کے فروغ اور مقامی کاروبار کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے گفتگو کی۔ وہ راولپنڈی میں پاکستانی برانڈز کی مارکیٹنگ و پروموشن کے ساتھ ساتھ ان کے لیے آگاہی اور تشہیری ایونٹس کے انعقاد میں بھی سرگرم ہیں۔

ناظمہ زون پی ڈبلیو ڈی سمیرا ظہور نے کہا کہ ’’یوتھ کا پاکستان‘‘ محض ایک تقریب نہیں بلکہ اپنے وطن کے ساتھ کیے گئے عہد کی تجدید ہے۔ یہ پُرعزم نوجوان بچیاں پاکستان کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

پروگرام میں عظمیٰ عارف سمیت دیگر ذمہ داران اور نوجوانوں نے شرکت کی#

Leave A Reply

Your email address will not be published.