جدہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان ایگزیکٹو فورم (PEF) جدہ چیپٹر کا خصوصی اجلاس عشائیہ کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں فورم کے معزز اراکین کی بھرپور شرکت رہی۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے، اراکین کی تعداد میں اضافے اور باہمی مشاورت سے نئی ذمہ داریوں کے تعین پر کلیدی فیصلے کیے گئے۔
چیپٹر ہیڈ چوہدری ظہیر احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اراکین کی غیرمعمولی دلچسپی فورم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام اراکین ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ متحد رہیں گے اور PEF کے پلیٹ فارم کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں نئے اراکین کو شامل کرنے کے لیے موثر حکمتِ عملی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اہم فیصلوں کے تحت عامر نوید کو پاکستان ایگزیکٹو فورم جدہ چیپٹر کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا، جبکہ عنصر اقبال مغل کو سعودی چیپٹر کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کی گئی۔ مزید برآں، محترمہ صفیہ زوہیب کو فورم کی کوارڈینیٹر نامزد کیا گیا، جو جدہ میں سنجیدہ، متحرک اور ورکنگ خواتین کو فورم کا حصہ بنانے اور خواتین کی نمائندگی بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
چوہدری ظہیر احمد نے نئے عہدیداروں کو ان کی ذمہ داریوں پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام اراکین باہمی تعاون، مشاورت اور مشترکہ محنت کے ذریعے فورم کی ترقی اور کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ مستقبل قریب میں مزید معزز اراکین کو مشاورت کی بنیاد پر مختلف کلیدی عہدوں پر فائز کیا جائے گا، تاکہ فورم کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔
