موسیٰ دامصلیٰ پرلاپتہ برطانوی سیاح کی لاش5روزبعدمل گئی

مانسہرہ(کشمیر ایکسپریس نیوز)وادی سرن ویلی کی 4100 میٹر بلند چوٹی موسیٰ دا مصلیٰ ٹاپ پر لاپتہ ہونے والے برطانوی سیاح کی لاش پانچ روزہ سرچ آپریشن کے بعد برآمد۔ ڈرون کی مددسے جنگل میں نعش کی نشاندہی کے بعد سرچ آپریشن میں حصہ والی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی کاروائیوںکی تکمیل کے لئے بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع مانسہرہ کے بالائی اور پُرفضا تفریحی مقام سرن ویلی کی 4100 میٹر بلند چوٹی موسیٰ دا مصلیٰ کوسر کرنے کے لئے دو برطانوی سیاح الیگزینڈر اور ایلن گئے ہوئے تھے۔ جو واپسی پر بیس کیمپ نہ پہنچنے پر ایلن نے اپنی ساتھی الیگزینڈر کی گمشدگی کی اطلاع تھانہ نواز آباد میں کی۔ جس کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے لئے ضلع انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی اور گمشدہ سیاح کی تلاش کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ تاہم دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اورموسمی حالات کے باعث پہلے روز گمشدہ برطانوی سیاح کا پتہ نہ چل سکا۔ جس کے بعد دوسرے روز دوسو سے زائد پولیس اہلکاران، ریسیکیو ٹیموں ، محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں نے مقامی افراد کے تعاون سے سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا ۔ جن کی مسلسل جدوجہد کے باوجود بھی کوئی مثبت پیشرفت نہ ہو سکی۔ لاپتہ سیاح کی تلاش کے لئے ڈرون ٹیموں کو بھی طلب کیا گیا ۔ گذشتہ روز رات کا اندھیرا چھانے کے باعث ملتوی آپریشن آج پانچویں روز دوبارہ شروع کیا گیا اور ڈرون کیمروں کی مدد سے لاپتہ برطانوی سیاح الیگزینڈر کی نعش پراچہ جنگل کے مقام پر برآمد ہوئی۔ نعش کی نشاندہی کے بعد سرچ آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر برطانوی سیاح کی نعش اپنے قبضہ میں لینے کے بعد سخت سیکورٹی میں پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی کاروائیوں کی تکمیل کے لئے بجھوا دی ۔ ضلع انتظامیہ نے برطانوی سیاح کے لاپتہ ہونے کے بعد مؤقف اختیار کیا تھا کہ برطانوی سیاح ضلع انتظامیہ کو مطلع کئے بغیر اور باضابطہ این او سی حاصل کئے بغیر موسیٰ دا مصلیٰ سر کرنے کے لئے روانہ ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.