ملک محمدبازکی نماز جنازہ ادا،علمی و ادبی خدمات کو خراج عقیدت

بھمبر (کشمیر ایکسپریس نیوز)قائمقام صدر ریاست/سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی معروف علمی و ادبی شخصیت استاد اساتذہ ملک محمد باز خان مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت، علمی و ادبی خدمات کو خراج عقیدت

قائمقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر/سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے ضلع بھمبر کی معروف علمی و ادبی شخصیت اور استاد الاساتذہ ملک محمد باز خان مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے درجات بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی، ادبی، تدریسی اور سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر ریاست چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ملک محمد باز خان مرحوم ایک عظیم استاد، شفیق مربی اور علم و ادب سے گہری وابستگی رکھنے والی شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی علم کی ترویج، نئی نسل کی تربیت اور معاشرے کی فکری و علمی رہنمائی کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ محض تعلیم دینے اور حاصل کرنے تک محدود نہیں ہوتا بلکہ یہ محبت، احترام اور تربیت کا ایسا رشتہ ہے جو پوری زندگی قائم رہتا ہے۔ ملک محمد باز خان مرحوم کے ساتھ میرا استاد اور شاگرد کا رشتہ بھی ایک ایسے ہی محبت، عقیدت اور احترام پر مبنی رشتہ تھا، جس کی یاد زندگی بھر دل میں محفوظ رہے گی۔ ان کی وفات میرے لیے ذاتی طور پر بھی انتہائی صدمے اور دکھ کا باعث ہے۔چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ مرحوم نے اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کے ذریعے کئی نسلوں کی رہنمائی کی اور ان کے شاگرد آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کسی استاد کے لیے اس سے بڑا اعزاز اور صدقہ جاریہ کیا ہو سکتا ہے کہ اس کے شاگرد معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ملک محمد باز خان مرحوم نے علم کی شمع روشن کی اور اس شمع کو آگے منتقل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک محمد باز خان مرحوم کی علمی و ادبی خدمات پر انہیں سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا بلاشبہ ایک طویل عرصہ محسوس کیا جاتا رہے گا،قائمقام صدر ریاست نے مرحوم کے صاحبزادے ملک محمد اعجازاور محمدکلیم سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ استاد محترم ملک محمد باز خان مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، نبی کریم ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے اور تمام جملہ لواحقین، شاگردوں، عزیز و اقارب اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر مرحوم کے عزیز و اقارب، شاگردوں، اساتذہ، علمی و ادبی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، سرکاری افسران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے مرحوم کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.