چیف الیکشن کمشنر پاکستان سے سید نظیرالحسن گیلانی کی ملاقات
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)چیف الیکشن کمشنر پاکستان سلطان سکندر راجہ سے آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی کی ملاقات۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی الیکشن اکیڈمی میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے آفیسرز اور عملہ کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان الیکشن اکیڈمی آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے آفیسران و عملہ کے لئے مختصر دورانیہ کے تربیتی کورس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی تجویز پر آزاد کشمیر الیکشن کمیشن سے قریبی رابطے اور وقتاً فوقتا پیش آنے والے مسائل کے فوری حل کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک سینئر آفیسر کو بطور فوکل پرسن نامزد کرنے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاسوں میں آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز کو بطور مبصر مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سے آزاد کشمیر میں آئندہ سال منعقد ہونے والے عام انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لئے مہاجرین مقیم پاکستان کی انتخابی فہرستوں کی صرف ریاستی باشندگان پر مشتمل تصدیقی کمیٹیوں کی ہی سفارشات پر کی جانے والی بر وقت تیاری اور اپ گریڈیشن، جموں و متاثرین منگلا ڈیم کی کٹیگریز کے درست تعین اور اس مقصد کے لئے رجسٹریشن آفیسرز کے کردار کو زیادہ مؤثر بنانے اور ہر دو کمیشنزکے باہمی روابط کو بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے ضمن میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
Comments are closed.