چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی قیادت میں حلقہ پی پی 172 میں غزہ یک جہتی ریلی کاانعقاد
رانا مشہود احمد خاں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بطور علامتی احتجاج اسرائیل کا جھنڈا نذرِ آتش
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی قیادت میں لاہور کے حلقہ پی پی 172 میں ایک پُرامن غزہ یک جہتی ریلی کاانعقاد کیا گیا،
ریلی کا قصد فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور حکومتِ وقت کے عوام دوست اقدامات، خصوصاً بجلی کے بلز میں کمی پر عوامی اظہارِ تشکر کو اجاگر کرنا تھا۔ ریلی کا آغاز پی پی 172 کے مرکزی دفتر شیرا کوٹ سے ہوا اور شرکاء نے یتیم خانہ چوک تک مارچ کیا۔
ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رانا مشہود احمد خاں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بطور علامتی احتجاج اسرائیل کا جھنڈا بھی نذرِ آتش کیا گیا
جو عوامی جذبات کا مظہر تھا۔ خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، اور پاکستان کی عوام اور مسلم لیگ (ن) مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف مہنگائی میں واضح کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مظلوم اقوام، بالخصوص فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حقوق کی ترجمانی کی ہے۔ عوام کی جانب سے بجلی کے بلز میں کمی پر اظہارِ تشکر اس بات کا ثبوت ہے کہ ن لیگ کی قیادت عملی طور پر عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔