رات کی تاریکی میں حملہ دشمن کی بزدلی کی انتہاہے،ڈاکٹرحمیرا

رات کی تاریکی میں مساجد، مدارس اور علمائے دین پر حملہ دشمن کی بزدلی کی انتہا ہے، ڈاکٹر حمیرا طارق

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے بہاولپور، مریدکے اور مظفرآباد میں رات کی تاریکی میں کیے گئے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے دشمن کے گھناؤنے عزائم، اخلاقی دیوالیہ پن اور انتہا درجے کی بزدلی کا مظہر ہیں۔ ان حملوں میں معصوم افراد، جن میں کمسن بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، شہید ہوئے۔

 

ڈاکٹر حمیرا طارق نے دین و ملت پر قربان ہونے والے ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مساجد اور مدارس پر حملے نہ صرف شرمناک بلکہ انسانیت سوز ہیں، جو عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ دشمن نے ظلم کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں، اور اسے اس کا سخت خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ شہادت کے جذبے سے سرشار قوم کو بزدلانہ کارروائیوں سے شکست نہیں دی جا سکتی۔ پاکستانی قوم آج بھی افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے، اور ہر شہری وطن کا وفادار محافظ ہے۔

 

اس المناک سانحے پر حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، طیبہ عاطف، عفت سجاد، عائشہ سید، ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ، اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر، اور وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی#

Leave A Reply

Your email address will not be published.