پاکستان اور ویتنام میں اقتصادی تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور ویتنام کے درمیان اعلیٰ سطحی وزارتی ملاقات میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
پاکستان-ویتنام تجارتی دور کا نیا آغاز: وزرا کا اسٹریٹجک معاشی شراکت داری پر اتفاق

ہنوئی(کشمیر ایکسپریس نیوز)وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال نے ویتنام کے وزیر برائے صنعت و تجارت، نگویین ہونگ دیئن سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور ویتنام کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔

 

دونوں فریقین نے دو طرفہ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت میں تنوع، مارکیٹ تک رسائی، سرمایہ کاری کے فروغ، اور صنعتی ترقی میں تعاون جیسے اہم شعبوں پر گفتگو کی۔

 

وزرائے تجارت نے کاروبار سے کاروبار کے تعلقات کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی، اور ٹیکسٹائل، زراعت، دواسازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

 

گفتگو میں تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کی طرف پیش رفت کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کے اسٹریٹجک محلِ وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے ویتنام کو وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی منڈیوں تک رسائی کی پیشکش کی، جو علاقائی رابطوں کے منصوبوں کے ذریعے ممکن ہو سکتی ہے۔

 

ویتنام کے وزیر نگویین ہونگ دیئن نے پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات کی درآمدات بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ویتنام کے مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں پاکستانی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

Comments are closed.