پیرا شوٹرز کیلئے دروازے بند،پیپلزپارٹی کا رخ کرنیوالے کبھی ہمارے دروازوں پر دستک دیتے تھے،شاہ غلام قادر
![]()
راولپنڈی(سپیشل رپو رٹر ) صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کارکنوں کی جماعت ہے پیرا شوٹرز کیلئے دروازے بند کر دئیے یہ بڑی بڑی باتیں کرنے والے کئی ماہ ہمارے دروازے پر دستک دے دے کر بالآخر تھک ہار کر پیپلزپارٹی کا رخ کر رہے ہیں اگر آج بھی چاہیں تو اگلے دس دنوں میں یہ سارے مسلم لیگ(ن) میں ہونگے۔
گالی گلوچ کی سیاست کا جواب ہم نہیں دیتے نہ ہماری تربیت ایسی ہے اس کا جواب ہم الیکشن میں دیں گے۔2016کے الیکشن میں ان موسمی پرندوں کی اکثریت پیپلزپارٹی میں تھی موسم بدلا تو2021کے الیکشن میں یہ سارے پی ٹی آئی میں چلے گئے اور آج ہمارے انکار کے بعد ان سب کا رخ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی طرف ہے ۔
ہمارے پاس نظریاتی لوگ ہیں جو نواز شریف کے حکم پر جان نچھاور کرنے کو تیار ہیں ہمیں ہرالیکشن میں نظریات کا سودا کرنے والوں کی ضرورت نہیں۔کہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) نے پری پول ریگنگ شروع کر رکھی ہے پری پول ریگنگ کا سوال تب پیدا ہوتا ہے جب مقابلہ برابر کا ہو تمھارے پاس تو امیدوار ہی نہیں ہیں۔
کہی اینٹ کہی کا روڑا بھان متی نے کنبہ جوڑا۔ ویلی4-میرے لیے کوئی نیا حلقہ نہیں ہے ایک ایک گھر اور ایک ایک ووٹر سے واقف ہوں یہاں سے مسلم لیگی امیدوار کی انتخابی مہم خود چلاؤں گا۔آپس میں اتحادبرقرار رکھیں اور ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں بس اتنا یاد رکھیں کہ آپ کا ووٹ نواز شریف کی امانت ہے اور کسی اہل آدمی کو اسمبلی میں اپنا نمائندہ بنا کر بھیجیں جس کا اسمبلی میں مذاق نہ بنے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں حلقہ ویلی4-کے مسلم لیگی راہنما محمد یٰسین لون کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
تقریب سے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کے سینئر نائب صدر راجہ مشتاق احمد منہاس، وزیر حکومت حافظ احمد رضا قادری،ممبرقومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال تنویر چوہدری، ممبر قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب،ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ضیاءاللہ شاہ، ایم پی اے وپارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان، مسلم لیگ(ن) کے سٹی جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے حاجی پرویز خان،محمد یٰسین لون، عامر بابا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر راجہ مشتاق احمد منہاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹوں کے فیصلے میرٹ پر ہوں گے اور مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی کارکنوں کا استحقاق ہے آپ مسلم لیگ(ن) اور محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں انشاءااللہ آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔
وزیر حکومت حافظ احمد رضاقادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماراسر شرم سے جھک جاتا ہے کہ جس حلقہ میں سے صدر جماعت شاہ غلام قادر جیسے قد آور سیاسی کارکن اسمبلی میں پہنچے اس حلقے کے نمائندے کا آج اسمبلی میں مذاق اڑایا جاتا ہے۔
ویلی میں 80فیصد لوگ تعلیم یافتہ ہیں اور آزاد جموںو کشمیر کی سیاست میں ہمارے آباؤ اجداد کا کلیدی کردار رہا ہے لیکن عمران خان کی تربیت نے سیاست اور اسمبلی میں ایسے نمونے مسلط کر دئیے ہیں جنہیں نہ اپنی عزت کا پاس ہے نہ دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا اور گالی گلوچ ان کا شیوہ ہے۔
حافظ احمد رضا قادری نے کہا کہ آمدہ الیکشن میں ویلی 4-اور ویلی5-دونوں حلقے محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کے ہیں آمدہ الیکشن میں ویلی5-کیساتھ ساتھ ویلی 4-میں مسلم لیگی ٹکٹ ہولڈر کی انتخابی مہم چلاؤں گا اورمہاجرین جموں و کشمیر کی تمام نشستیں ہم محمد نواز شریف کو تحفے میں دیں گے۔ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد،ممبرقومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال تنویر چوہدری، ممبر قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب،ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ضیاءاللہ شاہ، ایم پی اے وپارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان، مسلم لیگ(ن) کے سٹی جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے حاجی پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کے سپاہی ہیں اور آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں شاہ غلام قادر صاحب جو ذمہ داری لگائیں گے ہم حاضر ہیں اور مسلم لیگ(ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔
مسلم لیگی راہنما محمد یٰسین لون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نظریاتی لوگ ہیں اور جماعتی ڈسپلن کے پابند ہیں قائد محترم محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز اور صدر مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر جس بھی نظریاتی مسلم لیگی کارکن اور جنیوئن مہاجر کو ٹکٹ دیں گے
ہم اس کے ساتھ ہیں لیکن مسلم لیگ(ن) میں کسی پیراشوٹر اور جعلی مہاجر کی کوئی جگہ نہیں۔ اس موقع پر وزیر حکومت جاوید بٹ کے پرانے ساتھی عامر بابا نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

Comments are closed.