آزادکشمیر میں ریاست گیرہڑتال،پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن

آزاد کشمیر میں ریاست گیر ہڑتال، پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن، موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل

 

میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز) جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں، باغ، حویلی، راولا کوٹ، پلندری، کوٹلی، میرپور، بھمبر سمیت چھوٹی بڑی تمام تحصیلوں، یونین کونسلوں اور دیہاتوں میں کاروباری مراکز بند ہیں، شہر سنسان اور سڑکیں ویران نظر آ رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹروں نے بھی رضاکارانہ طور پر پہیہ جام میں شرکت کی ہے جبکہ ہڑتال کے باعث عدالتیں بھی بند ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں گزشتہ رات سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر رینجرز، ایف سی اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان پتھراؤ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

 

ایکشن کمیٹی کے پلان اے کے مطابق پرامن شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کے مطابق تاحال کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔نیٹ سروس بند ہونے کے باوجود تازہ ترین اپ ڈیٹ کیلیے کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کے ساتھ جڑے رہیں

Comments are closed.