نا اہل حکمرانوں نے ریاست کو افراتفری اور بے یقینی کی طرف دھکیل دیا ، عبدالقیوم نیازی
مظفرآباد ( وقائع نگار)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر میں پر امن مظاہرین پر تشدد ، موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی حقوق کی تحریک کو کچلنے کی منصوبہ بندی انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
ایک پرامن خطے کو نااہل اور نکمے حکمرانوں نے افراتفری اور بے یقینی کی طرف دھکیل دیا ہے اور حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال کسی بھی طور قابل قبول نہیں۔
حکومت ہوش کے ناخن لے ، فوری مذاکرات کر کے خطے کا امن بحال کیا جائے۔سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ نہ صرف مقامی عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رہا ہے بلکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو بھی اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انٹرنیٹ کی بندش بھارتی میڈیا کو آزاد کشمیر کے حالات کو متنازعہ اور منفی انداز میں پیش کرنے کا سنہری موقع فراہم کرے گی، جو حکمرانوں کی بدترین عوام دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوامی مسائل کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات کی میز پر تلاش کرے۔ عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق دبانے کی کوشش خطے میں بدامنی اور اضطراب کو جنم دے گی۔
سردار عبد القیوم نیازی نے واضح کیا کہ افراتفری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ امن قائم رکھے اور شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور سہولیات فراہم کرے، مگر بدقسمتی سے انوار حکومت اپنی عوام دشمن اور ناکام پالیسیوں کے ذریعے حالات کو مسلسل بگاڑ رہی ہے۔

Comments are closed.