باغ میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد، وزیر اعظم شہباز شریف کا وادی لیپہ اور حویلی کیلئے دو نئے اسکولوں کا اعلان
باغ(کشمیر ایکسپریس نیوز)باغ میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد، وزیر اعظم شہباز شریف کا وادی لیپہ اور حویلی کیلئے دو نئے اسکولوں کا اعلان
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے باغ میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
سنگِ بنیاد کی تقریب ہاڑی گہل میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، وزیرِ مملکت وجہیہ قمر، رانا مشہود، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سینئر نائب صدر راجہ مشتاق احمد منہاس اور آزاد کشمیر کابینہ کے وزراء سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم پاکستان سے وادی لیپہ اور ضلع حویلی میں بھی دانش سکول سسٹم کے قیام کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے فوری طور پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے ضلع حویلی اور وادی لیپہ میں دانش سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ:
یہ دونوں دانش سکول آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے لیے خصوصی تحفہ ہیں۔
تقریب میں تعلیمی ترقی، نوجوان نسل کے مستقبل اور کشمیر کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Comments are closed.