جنیدصفدرکی دوسری شادی کی تقریبات کاآغاز،شاندارتقریب

جنید صفدر کی دوسری شادی کی تقریبات کا آغاز،جاتی امرا میں مہندی کی شاندار تقریب، برقی قمقموں سے سجا محل، پرتکلف ضیافت، ولیمہ 18 جنوری کو ہوگا

 

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز جاتی امرا میں مہندی کی پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قریبی رشتہ داروں، عزیز و اقارب اور منتخب مہمانوں نے شرکت کی۔

 

مہندی کی تقریب کے موقع پر جاتی امرا کو دیدہ زیب برقی قمقموں، روشنیوں اور سجاوٹی لائٹس سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا تھا، جس سے پورا ماحول خوشیوں اور مسرتوں سے جگمگا اٹھا۔ تقریب میں شریک مہمانوں کے لیے پرتکلف اور متنوع کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جب کہ روایتی موسیقی اور خاندانی ماحول نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

 

خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو روانہ ہوگی، جبکہ 18 جنوری کو دعوتِ ولیمہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ شادی کی تقریبات مکمل سادگی مگر وقار اور روایتی خاندانی روایات کے مطابق منعقد کی جا رہی ہیں۔

 

جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہو رہی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ اس رشتے کو سیاسی و سماجی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ دونوں خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 

سیاسی مبصرین کے مطابق شریف اور روحیل خاندان کا یہ رشتہ خاندانی تعلقات کے ساتھ ساتھ سماجی روابط کو بھی مضبوط کرے گا۔ مہندی کی تقریب میں شریف خاندان کے قریبی افراد کے علاوہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ چند اہم شخصیات بھی غیر رسمی طور پر شریک ہوئیں۔

 

جاتی امرا میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جب کہ تقریبات کو نجی رکھنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی مرکزی تقریبات میں بھی محدود مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہے، اور شریف خاندان کی جانب سے اس خوشی کے موقع پر سادگی، وقار اور خاندانی روایات کو مقدم رکھا گیا ہے۔

 

Comments are closed.