راولاکوٹ پریس کلب کی عمارت کو کشادہ کیاجائے،زاہد تبسم

راولاکوٹ کے صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی اور پریس کلب کی عمارت کو کشادہ کیاجائے ،زاہد تبسم ، ذوالفقار بٹ

راولاکوٹ (نمائندہ خصوصی)غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کی جانب سے آل آزادکشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس) کی نو منتخب قیادت کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں تنظیم کی قیادت اور غازی ملت پریس کلب کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب میں ریاستی اخبارات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ صحافتی اداروں کے تحفظ اور صحافی برادری کے اجتماعی مفادات کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر آل آزادکشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی سردار زاہد تبسم تھے جبکہ صدارت غازی ملت پریس کلب کے نو منتخب صدر شفقت ضیاء نے کی۔

تقریب سے اے کے این ایس کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ، سیکرٹری اطلاعات سید دلاور حسین بخاری، ترجمان سردار مسعود حنیف، غازی ملت پریس کلب کے سابق صدور اعجاز قمر، ریاض شاہد اور عبدالرزاق، سینیئر نائب صدر خورشید بیگ اور جنرل سیکرٹری سردار ظفر نذیر نے بھی خطاب کیا۔

تلاوت کلامِ پاک سردار فاروق اور نعتِ رسول مقبول اویس خان نے پیش کی۔ صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی وسائل ریاست کے عوام کی امانت ہیں اور ان کے استعمال میں شفافیت اور قانونی تقاضوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے کے این ایس کا مؤقف ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاستی صحافت کے استحکام اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کے حق میں رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں کہیں بھی جعلی اسٹیٹ سبجیکٹ یا دیگر غیر قانونی ذرائع سے ریاستی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے شواہد سامنے آئیں گے وہاں تنظیم متعلقہ فورمز پر قانونی اور آئینی انداز میں اپنا مؤقف پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ریاستی اخبارات کو انتظامی اور مالی سطح پر متعدد مسائل درپیش ہیں جن کے حل کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بامقصد مکالمہ ضروری ہے۔

سردار زاہد تبسم نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافتی برادری کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو ریاستی صحافت کے مجموعی مفاد میں ہوں۔

انہوں نے غازی ملت پریس کلب کو آزادکشمیر کا ایک اہم اور فعال صحافتی ادارہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پریس کلب کی عمارت اور راولاکوٹ کے صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ صحافی بہتر اور محفوظ ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

اے کے این ایس کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافتی اداروں کو اس وقت مختلف انتظامی دباؤ اور چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم خود کو اخباری اداروں کی مالک نہیں بلکہ ورکنگ کلاس کی نمائندہ سمجھتی ہے اور محدود وسائل کے باوجود اداروں اور ورکرز کو سہارا دیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات سید دلاور حسین بخاری نے کہا کہ ریاستی اخبارات نے ہمیشہ مقامی مسائل اور عوامی آواز کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے بجٹ کی منصفانہ تقسیم اور پالیسی میں شفافیت کے بغیر ریاستی صحافت کو درپیش مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

تقریب کے دوران صدر اے کے این ایس نے اس امر کا بھی حوالہ دیا کہ روزنامہ جموں و کشمیر کے چیف ایڈیٹر کے اسٹیٹ سبجیکٹ سے متعلق معاملہ اس وقت عدالتی کارروائی کے مراحل میں ہے جس کے باعث اے کے این ایس نے حتمی عدالتی فیصلے تک متعلقہ رکنیت کو معطل کر رکھا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تنظیم عدالتی فیصلوں کا مکمل احترام کرتی ہے اور اس معاملے کو کسی ذاتی یا ادارہ جاتی تنازع کے بجائے ایک اصولی اور قانونی معاملہ سمجھتی ہے۔

صدر تقریب و میزبان غازی ملت پریس کلب کے صدر شفقت ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے اے کے این ایس کے نو منتخب عہدیداران کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ریاستی اخبارات نے نہ صرف اپنے ورکرز کو بہتر انداز میں ایڈجسٹ کیا بلکہ برسوں سے چلی آ رہی محرومیوں کے ازالے میں بھی مؤثر کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارات میں کشمیر کے نمائندگان کو مناسب کوریج نہیں ملتی تھی جبکہ ریاستی اخبارات نے مقامی مسائل اور عوامی آواز کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرپور اور مظفرآباد کی طرز پر راولاکوٹ کو بھی صحافتی سہولیات فراہم کی جائیں اور صحافی کالونی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلسل نظرانداز کیے جانے کے باعث صحافیوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے جس کا تدارک بروقت اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ قبل ازیں غازی ملت پریس کلب پہنچنے پر اے کے این ایس کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وفد میں صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم، جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ، نائب صدر نثار کیانی، سیکرٹری مالیات سردار اعجاز خان، سیکرٹری اطلاعات دلاور بخاری، ایگزیکٹو ممبران سردار مسعود حنیف اور خواجہ عبدالرشید جبکہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے جے ایف سردار ندیم شامل تھے۔

تقریب میں محکمہ اطلاعات کے افسر شمیم انجم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ بعد ازاں وفد نے سردار اعظم خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران نثار کیانی کے ماموں اور غازی ملت پریس کلب کی نائب صدر تسنیم شوکت کے کزن کے انتقال پر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

Comments are closed.