وزیراعظم کاکوٹلی پہنچنےپرتاریخی اوروالہانہ استقبال

وزیراعظم کاکوٹلی پہنچنےپرتاریخی اوروالہانہ استقبال

کوٹلی (بیورورپورٹ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کوٹلی پہنچنے پر تاریخی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ضلع کے داخلی راستے پر شہریوں کی کثیر تعداد پہنچ گئی اور وزیراعظم کی آمد کو عوامی طاقت کے بھرپور اظہار میں بدل دیا۔

ہولاڑ پل، پلائی گالہ، تریاں، گلپور ،ناڑ جرائی اور چوک صاحباں کے مقامات پر شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا جبکہ فضا پھولوں کی پتیاں نچھاور کیے جانے سے معطر رہی۔

ہولاڑ پل پر وزیراعظم کا شاندار استقبال صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق، وزیر خوراک و کے ڈی اے جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر اوقاف، مذہبی امور و اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر، وزیر بلدیات و لوکل گورنمنٹ چوہدری عامر یسین کے علاوہ پارٹی کے مرکزی و ضلعی عہدیداران، منتخب نمائندگان، کارکنان اور جیالوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

استقبالی مناظر دیدنی تھے، شہریوں نے نعروں، بینرز اور جھنڈوں کے ساتھ وزیراعظم کا استقبال کیا اور ان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ مختلف مقامات پر نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے شرکت کر کے اس عوامی استقبال کو یادگار بنا دیا۔

عوامی جوش و خروش نے اس امر کی عکاسی کی کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت اور عوام دوست پالیسیوں کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے۔

بعد ازاں وزیر مال چوہدری محمد اخلاق نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں وزراء، سیاسی قائدین، منتخب نمائندگان اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

استقبالیہ کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، کوٹلی سمیت آزاد کشمیر میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل کے حل اور پارٹی تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کوٹلی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا اصل سرمایہ ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں بلا تفریق ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کوٹلی کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments are closed.