مظفر آباد: (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن آمدہ عام انتخابات کے حوالہ سے عوام الناس کو یہ آگاہ کرتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020ء کی دفعہ 21 (A)کے تحت حق راہ دہی استعمال کرنے کے لیے انہیں اپنا اصل قومی شناختی کارڈ پیش کرنا لازم ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عوام کو ان کی دہلیز تک قومی شناختی کارڈ کے حصول کی سہولت بہم پہنچانے کے لئے نادرا کے تعاون سے 01 جنوری تا 27 فروری 2026ء تک آزاد جموں و کشمیر کے 7 اضلاع میں موبائل رجسٹریشن وینز کی روانگی کا شیڈول پہلے سے جاری کرتے ہوئے اسے مشتہر کر رکھا ہے
جبکہ بقیہ 13 اضلاع کے لیے نادرا کی موبائل رجسٹریشن وینز کی روانگی کا شیڈول بھی زیر کار ہے۔ علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کی مختلف تحصیلوں میں نادرا کے 43 رجسٹریشن سینٹرز پہلے سے عوام کو یہ سہولت فراہم کرتے چلے آرہے ہیں
جبکہ کمیشن نادرا کی جانب سے یو نین کو نسل لیول تک یہ سینٹرز قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور توقع ہے کہ کمیشن کی یہ کاوش بھی جلد کامیابی حاصل کرلے گی۔ مزید بر آں عوام الناس نادرا کی موبائل ایپ (Pak ID Mobile App) سے آن لائن قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔
لہذا کمیشن ایسے تمام افراد جنہوں نے ابھی تک اپنا قومی شناختی کارڈ حاصل نہیں کیا ہے سے یہ اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے بر وقت اپنے قومی شناختی کارڈ کا اجراء کروالیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں انہیں حق رائے دہی کا اپنا قومی فریضہ سر انجام دینے میں کوئی دشواری نہ ہو۔

Comments are closed.