فیصل راٹھور نے تحصیل ممتاز آباد میں تھانے کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے تحصیل ممتاز آباد میں تھانے کا افتتاح کر دیا

 

حویلی(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے تحصیل ممتاز آباد میں نو تعمیر شدہ تھانے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران، مقامی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جدید سہولیات سے آراستہ تھانے کا قیام عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پولیس کو مزید مستحکم اور عوام دوست بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ تحصیل ممتاز آباد میں نئے تھانے کے قیام سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی بلکہ عوام کو دور دراز علاقوں میں پولیس سہولیات کے لیے مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔

 

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق برتاؤ کو یقینی بنایا جائے۔

 

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.