پونچھ میں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شدید برفباری،شہری محصور
پونچھ میں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شدید برفباری
راولاکوٹ (محمد خورشید بیگ)راولاکوٹ اور ضلع پونچھ میں ہونے والی شدید اور طوفانی برفباری نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کے باعث شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
طویل خشک سالی کے سبب پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنے والے عوام کو امید ہے کہ برفباری کے نتیجے میں زمین میں پانی جذب ہونے سے چشموں اور قدرتی آبی ذخائر میں پانی کی سطح بہتر ہو گی
آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کی طرح راولاکوٹ کے مضافاتی علاقوں سمیت ضلع پونچھ بھر میں برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
بالائی سیاحتی مقامات تولی پیر، لسڈنہ، شہید گلہ، بلال پوٹھا اور گردونواح میں برفباری کی شدت انتہائی زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے جہاں بعض مقامات پر برف کی تہہ آٹھ فٹ سے بھی تجاوز کر چکی ہے
شدید برفباری کے باعث ضلع بھر کی تمام بڑی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جبکہ بجلی کی ترسیل کا نظام مکمل طور پر معطل ہے برفانی طوفان کے نتیجہ میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور شہری گھروں میں محصور ہیں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں محفوظ مقامات پر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں #

Comments are closed.