اصل طاقت اوربالادستی اللہ کے دین اوراسکے نظام میں ہے،حمیراطارق
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے صوبہ سندھ کے دورے کے موقع پر مؤثر خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں سپر پاورز بدلتی رہتی ہیں، مگر اصل طاقت اور بالادستی اللہ کے دین اور اس کے نظام میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام چاہتا ہے کہ اقتدار ایسے ہاتھوں میں ہو جو انسانوں کو انسانوں کا غلام بنانے کے بجائے انہیں اللہ کی بندگی کی طرف لے جائیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اسلامی فتح اور کفر کی فتح میں بنیادی فرق اخلاق اور طرزِ عمل کا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی فتح مکہ اس کی روشن مثال ہے جہاں عام معافی کا اعلان کیا گیا، جبکہ کفر کی فتوحات کے بعد ظلم، استحصال اور خونریزی کو فروغ دیتے ہیں۔ اسلام انسانیت کو عدل، رحم اور اخلاق کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ عیسائیت کو اس کے اصل دین سے دور کیا گیا اور آج یہی سازشیں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ موجودہ دور میں عورت اور نوجوان کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں دین کے مقصد سے غافل کر دیا جائے۔
سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان اور جن کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے اور دینِ اسلام ایک مکمل اور اللہ کا پسندیدہ نظامِ حیات ہے، جس میں کسی سوشلزم، کیپٹلزم یا کمیونزم کی گنجائش نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کی کمزوری اسلام کی کمزوری نہیں بلکہ مسلمانوں کے ایمان اور کردار کی کمزوری ہے۔ اسلام ہمیشہ ایمان، اخلاق اور قربانی کی بنیاد پر زندہ رہا ہے، نہ کہ محض حکمرانوں کے ذریعے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مؤثر خواتین اور نوجوان امت کے مستقبل کے معمار ہیں، اس لیے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دین کو سمجھیں، اس پر عمل کریں اور نیکی کے فروغ اور برائی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ علاؤہ ازیں ڈپٹی سیکریٹری ثمینہ سعید اور ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔

Comments are closed.