چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور کا دورہ
بی آئی ایس پی اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین مستحق خواتین کی سکل ٹریننگ، روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور عالمی سطح پر مارکیٹ سے منسلک کرنے کے اقدامات پر اتفاق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک عمیر خالد، ایگزیکٹو ممبر سید احمد جان سکندر اور دیگر ایگزیکٹو اراکین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ہینڈی کرافٹس کی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں خواتین کی جانب سے ہاتھ سے تیار کردہ مختلف مصنوعات، بالخصوص ملبوسات اور دیگر دستکاریاں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں۔
چیئرپرسن نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور تیار کردہ مصنوعات کے معیار کو سراہا۔
بعد ازاں، چیئرپرسن نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور میں منعقدہ صنفِ آہن کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد خواتین کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بااختیار بنانے کے اقدامات کو اُجاگر کرنا تھا تاکہ وہ قومی اور عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے مقامی ہنرمند خواتین کے کام کو سراہتے ہوئے مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ درست سائزنگ، رنگوں کے مناسب انتخاب، پیکجنگ اور منصفانہ قیمت کے تعین سے یہ مصنوعات قومی و عالمی منڈی میں بہتر مقام حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے خواتین کو اسمارٹ فونز کے مؤثر استعمال، عالمی رجحانات اور جدید طریقۂ کار اپنانے کی تلقین کی اور چیمبر آف کامرس کو خواتین کی صلاحیت سازی کے لیے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز دی۔
چیئرپرسن نے اس بات پر زور دیا کہ ہنرمند خواتین کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملنا چاہیے اور ریٹیلرز کو منافع پر اجارہ داری کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، جبکہ پاکستان کو ہر شعبے میں بھارت سے مقابلہ کرنا ہوگا، نہ کہ صرف کرکٹ میں۔
انہوں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا پیغام ’’ہنر آپ کا سرمایہ ہے‘‘ ہے، جو خواتین کو ہنر کے ذریعے خود روزگار اور کاروباری مواقع کی طرف لے جاتا ہے۔
انہوں نے خواتین کو باہمت بننے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز اور اس کے بنیادی فلسفے پر بھی روشنی ڈالی، جو خواتین کے وقار، اختیار اور معاشی خودمختاری پر یقین رکھتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن نے ہینڈی کرافٹس تیار کرنے والی خواتین اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران میں اسناد تقسیم کیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا اور کاروباری برادری کی خدمات کو سراہا جو علاقے کی معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے پی بی آئی ایس پی جناب الف جان آفریدی، بی آئی ایس پی کے بینظیر ہنرمند پروگرام کی ٹیم، پیپلز پارٹی ہری پور کے صدر جہاں زیب خان، جبکہ مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.