ریاست میں افراتفری کا خاتمہ کر دیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم کا سپریم کورٹ بار و ہائی کورٹ بار کے لیے 30،30 لاکھ گرانٹ کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ میری حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ عوام کا ریاست کے نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے،

 

اوورسیز کشمیریوں کو سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کریں گے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے 30 ،30 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں ،

 

وکلا کی فلاح کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، خود انحصاری کی طرف جانا ہو گا، میری کوشش ہے وہ وقت کبھی نہ آئے جب عوام کو اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر نکلنا پڑے۔ مقبول فیصلوں کے بجائے عوام کے مفاد پر مبنی فیصلے کریں گے۔

 

لائیرز پروٹیکشن ایکٹ پر وکلاء کی مشاورت سے کام کریں گے۔اپنے قدموں پر کھڑے ہوں گے تو مسائل کا سدباب یقینی بنایا جا سکے گا ، عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کئے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے آخری حد تک جائیں گے،پاکستان سے وابستگی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے،نظریاتی رشتے کو مادی فائدے کی نظر نہیں ہونے دیں گے،

 

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

 

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو ریاست میں افراتفری اور بے چینی کا عالم تھا، عوام کا نظام سے اعتماد اٹھ چکا تھا اور عام آدمی اس نظام سے مایوس ہو گیا تھا۔

 

موجودہ حکومت نے اے جے کے بینک کو شیڈول بینک بنانے کیلئے دس ارب روپے کی گرانٹ فراہم کی ، عام آدمی کو مفت علاج معالجے کیلئے صحت کارڈ کا اجراء کیا، تعلیمی اداروں میں موجود مکانیت اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے اور ضرورت کی بنیاد پر تعلیمی ادارے قائم کرنے کے لیے تعلیمی پیکج منظور کیا۔

 

آزاد کشمیر میں سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے سد باب کیلئے ٹرانسپورٹ پالیسی کا نفاذ کر دیا ہے، ضرورت کی بنیاد پرمحکموں کو مرج کر دیا ہے، وزیراعظم سمیت کابینہ اپنے دفاتر میں بیٹھ رہے ہیں،

 

دن میں 24 میں سے 18 گھنٹے کام کر رہے ہیں، تبادلے تقرریوں سے ہٹ کر خطے کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اوورسیز کشمیر انسوسٹمنٹ کانفرنس کر رہے ہیں، ہمیں کسی پر انحصار کرنے کے بجائے خود انحصاری کے لیے آگے بڑھنا ہوگا ، ریاست کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ،

 

افراتفری کے ماحول کو ختم کردیا ہے ۔آج آزاد کشمیر کے عوام کو جو سہولیات دستیاب ہیں وہ بہت سی دیگر جگہوں کی عوام کو میسر نہیں،ریاست نفرت کی متحمل نہیں ہو سکتی، الحمدللہ ریاست کی عوام نے موجودہ حکومت پر اعتماد کیا ہے ،

 

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

 

36سال بعد بھی لوگ میرے والد مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی شخصیت اور وقار کو یاد کر رہے ہیں جس کا مطلب ہے اگر خلوص اور نیک نیتی سے کام کرنے کی جستجو ہو تو لوگ آپ کے کاموں کویاد رکھتے ہیں،

 

بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے نو منتخب صدر سپریم کورٹ بار کے عہدوں کا حلف لیا۔

 

اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر موسٹ وزیر، وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، وزراء حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، معاون خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر مبشر منیر اعوان سمیت سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور ضلعی کورٹ کے وکلا کی کثیر تعداد بھی تقریب میں موجود تھی ۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر چوہدری مقبول الرحمن عباسی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی انتظامیہ برائے سال 2026۔2027 کے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے آئین کی بالادستی، عوام کو انصاف کی فراہمی، وکلاء کی فلاح وبہبود اور ختم نبوت پر ایمان کا حلف لیا۔

 

اس موقع پر سینئر موسٹ وزیر، وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی ، محتسب اعلی راجہ عارف راٹھور ایڈووکیٹ، وائس چئیرمین بار کونسل آزاد کشمیر ہارون ریاض مغل اور سپریم کورٹ بار ، ہائی کورٹ بار اور ضلعی عدلیہ کے وکلا صاحبان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

 

 

نومنتخب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر بننا میرے لئے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آزاد کشمیر لائیرز پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ آج بھی مرحوم ممتاز حسین راٹھور کو ان کے انقلابی اقدامات کی وجہ سے یاد کرتا ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ وکلاء کے اعتماد پر مشکور ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ وکلاء کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں رہیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں آئین کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر اور کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.