یومِ بدر کردار سازی اور اجتماعی نظم کی تجدید کا دن ہے ۔۔۔۔ثمینہ احسان (ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی)
راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز) غزوۂ بدر تاریخِ اسلام کا وہ فیصلہ کن معرکہ ہے جس نے واضح کر دیا کہ کامیابی کی بنیاد تعداد، وسائل یا ظاہری طاقت نہیں بلکہ ایمان، تقویٰ، نظم و ضبط اور اللہ پر کامل توکل ہے۔
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان نے یوم بدر کے موقع پہ اپنے ایک بیان میں کیا ۔
ان نے مزید کہا؛ کہ اہلِ ایمان نے بدر کے میدان میں اخلاص، اطاعتِ رسول ﷺ اور اجتماعی نظم کے ساتھ جس استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ آج کے مسلمان معاشروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یومِ بدر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اگر مسلمان اپنے کردار کو درست کریں، عدل و اخلاق کو اپنائیں اور باطل کے سامنے ڈٹ جائیں تو اللہ کی مدد شاملِ حال ہوتی ہے۔
ثمینہ احسان نے زور دیا کہ خواتین بطورِ خاص سیرتِ صحابیاتؓ سے رہنمائی حاصل کریں، گھروں میں دین کی فضا قائم کریں، نئی نسل کی تربیت قرآن و سنت کی روشنی میں کریں اور معاشرتی بگاڑ کے مقابلے میں اخلاقی اقدار کا عملی نمونہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان قرآن و سنت کی بنیاد پر ایک عادلانہ، باحیا اور فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اور یومِ بدر ہمیں اس جدوجہد میں اتحاد، نظم اور قربانی کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اہلِ بدر کے جذبۂ ایمان اور استقامت سے حصہ عطا فرمائے، اور ہمارے قول و عمل کو دینِ حق کی سربلندی کا ذریعہ بنائے#
